کے الیکٹرک کو لائسنس دینا قابل مذمت ،کراچی دشمنی قرار
شیئر کریں
جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کے الیکٹرک کو 2044 تک لائسنس دینے کو قابل مذمت اور کراچی دشمنی قرار دیا ہے۔کے الیکٹرک کو لائسنس جاری کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ کے الیکٹرک نے کراچی کے عوام کو لوٹا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک این ٹی ڈی سی کا 62 ارب، ایس ایس جی سی کا 172 ارب روپے کا نادہندہ ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)) نے کے الیکٹرک کو 20 سال کیلئے لائسنس جاری کیا ہے۔نیپرا نے جمعے کو کے الیکٹرک کے پاور سپلائی اینڈ ڈسٹری بیوشن لائسنس کی 20سال کی مدت کے لیے تجدید کی۔اس نان ایکسکلوزو لائسنس کی تجدید بجلی کے شعبے کی لبرلائزیشن سے قبل کے الیکٹرک کی جانب سے دی گئی نان ایکسکلوزو لائسنس کی درخواست کے بعد ہوئی ہے۔کے الیکٹرک کاسابقہ 20 سالہ لائسنس جولائی 2023 میں اپنی مدت پوری کر چکا تھا اس کے بعد نیپرا نے کے الیکٹرک کو 6 ماہ کے لیے عبوری تقسیم کا لائسنس دیا تھا، جو جمعے کو ختم ہوگیا۔ تجدید کا فیصلہ ایک جامع سماعت کے بعد کیا گیا جو 28 نومبر 2023 کو اختتام پذیر ہوئی اور اب نیپرا نے کے الیکٹرک کو کراچی، اوتھل، بیلہ، وندر، حب، دھابیجی اور گھارو میں بجلی کی فراہمی جاری رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔