سندھ میں 5سیاسی جماعتوں کاسیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق
شیئر کریں
الیکشن 2024 کے سلسلے میں شہر قائد میں 5 سیاسی جماعتوں کے درمیان گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں بیش تر نشستوں پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ میں قومی و صوبائی نشستوں پر اہم سیاسی جماعتوں کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا اتفاق ہوا ہے، این اے229، این اے 230، این اے 231 ملیر پر ن لیگ کو دیگر جماعتوں کا سپورٹ ملنے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پی ایس 105 پر جی ڈی اے کے عرفان اللہ مروت تمام جماعتوں کے متفقہ امیدوار ہونے کا امکان ہے، این اے 239 لیاری کی نشست پر جے یو آئی یا آزاد امیدوار عبدالشکور شاد مشترکہ امیدوار ہونے کا امکان ہے، جب کہ این اے 232 کورنگی کی نشست پر فیصلہ ہونا باقی ہے، ن لیگ اس نشست پر اویس نورانی کو ٹکٹ دینے کی خواہش مند ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پی ایس 107 پر ن لیگ کے تنویر جدون مشترکہ امیدوار ہونے کا امکان ہے، اے این پی ایک صوبائی نشست پر امیدوار نامزد کرے گی اور دیگر جماعتیں حمایت کریں گی، پی ایس 106 لیاری پر جے یو آئی امیدوار ناصر محمود کو اتحادی سپورٹ کریں گے۔پی ایس 114 کیماڑی پی ایس 111 کیماڑی پر جے یو آئی کا امیدوار نامزد ہونے کا امکان ہے، این اے 211 میرپور خاص پر ن لیگ کے امیدوار اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار ہونے کا امکان ہے، این اے 205 پر ن لیگ کے اغر شاہ امیدوار ہوں گے۔ذرائع کے مطابق این اے 216 پر بشیر میمن پیپلز پارٹی کے مخدوم جمیل کے مد مقابل الیکشن لڑیں گے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ علامہ راشد سومرو لاڑکانہ میں بلاول بھٹو کے مدمقابل الیکشن لڑیں گے، پی ایس 18 گھوٹکی، کشمور اور شکارپور کی نشستوں پر جے یو آئی امیدوار ہوں گے۔پی ایس 5، پی ایس 6، پی ایس 9 پر ن لیگ کے امیدوار کھڑے ہوں گے، شکارپور، کشمور اور جیکب آباد کی اکثریتی نشستوں پر جے یو آئی اور چند پر ن لیگ کے امیدوار نامزد ہونے کا امکان ہے۔