غداری کا الزام لگانے والے ملک دشمن ہیں ، بلاول بھٹو
شیئر کریں
(رپورٹ :شاہنواز خاصخیلی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہر سیاسی جماعت ایک دوسرے کو غدار قرار دے رہی ، ملک کیسے چلے گا ، ہم نے اپنے لیڈروں کو قتل کرکے نوجوانوں کو ہتھیار تھما دیے ہیں، تقسیم اور نفرت کی سیاست سے ملک کیسے چلے گا ، عوام متحد ہوجائے ، منفی قوتیں دم توڑ جائیں گی ، ایسا نہیں ہوا تو جرائم اور منشیات پھیلے گی ، گذشتہ روز حیدرآباد سندھ میوزیم میں مشہور شاعر ایاز کے میلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام متحد ہوگئی تو تمام منفی قوتیں ہار جائیں گی اور ہم جیت جائیں گے ، نوجوان سندھ کے ہر ضلع میں اپنی ثقافت، تاریخ اور شاعری کو مثبت انداز میں پیش کریں، ایسا ماحول دینا چاہتے ہیں کہ ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارا جائے اگر ایسا نہ ہوا تو پھر جرائم اور منشیات پھیلے گی ، دنیا کے ساتھ چلنا ہے تو تاریخ کو قبول کرنا ہوگا ، اس ملک میں بہت ظلم ہوا ہے، بدقسمتی یہ ہے کہ ہم نے اپنے لیڈروں کو اپنے ہاتھوں سے قتل کیا، نوجوانوں کو قلم کے بجائے ہتھیار اور گولی تھمادی ، شاعر ، لکھاری اور آرٹسٹ نہیں ہوں گے تو پھر ایسی سیاست ہوگی، پاکستان کو نئی سمت میں لے کر جانا چاہتے ہیںبلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ہم سب پاکستانی ہیں ، ہر ایک کی رائے الگ ہو اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپس میں دشمنیاں کی جائیں ، ہر سیاسی جماعت ایک دوسری کو غدار قرار دی گئی تو ملک کیسے چلے گا ، ہمالیہ کی برف پگھلے گی تو پہلے ہم پانی میں ڈوب کر پیاس سے مر جائیں گے، مستقبل کی منصوبہ بندی کرنی ہے ، پورے ملک کا ماحول تبدیل کرنا ہوگا ، تبدیلیاں نہ لائی گئی تو سیلاب آتے رہیں گے ، پاکستان کی 200ملین آبادی کی زندگیاں خطرے سے دو چار ہیں ، اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سابق صوبائی وزراء سردار شاہ ، جام خان شورو ، صحافی زاہد حسین و دیگر موجود تھے دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری زرداری کی آمد کے وقت سندھ سبھا نامی تنظیم کے چند افراد نے سندھ میوزیم کے باہر پیپلزپارٹی اور میلے کی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا ، پولیس اور مظاہرین کے درمیان تلخ کلامی ہوئی ، بلاول بھٹو زرداری کی آمد سے قبل سندھ میوزیم کو عام لوگوں کے لیے مکمل طور بند رکھاگیا ۔