سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر پر دستی بم حملہ، 2 پولیس اہلکار زخمی
شیئر کریں
سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر پر دستی بم سے حملہ ہوا، حملے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔واقعہ کی تفصیل بتاتے ہوئے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ہم لوگ اندر بیٹھے تھے تو زوردار دھماکہ ہوا، جیسے باہر آئے تو پولیس اہلکار زخمی پڑے تھے۔سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے بتایا کہ وقوعہ کے بعد پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے، پولیس تفتیش کر رہی ہے کہ حملہ کرنے والے کون تھے؟۔پولیس کے مطابق سابق چیف جسٹس کے اہل خانہ مکمل طور پر محفوظ ہیں، پولیس کانسٹیبل عامر اور کانسٹیبل خرم معمولی زخمی ہوئے، زخمی ہونے والے دونوں سکیورٹی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، دھماکہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق موٹرسائیکل سوار ملزمان کریکر پھینک کر فرار ہوئے، دھماکے سے گھر کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔ذرائع پولیس کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ، سی ٹی ڈی اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، دھماکہ کی نوعیت کا پتہ چلایا جا رہا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان تک پہنچنے کی کوشش کی جائے گی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سابق چیف جسٹس کی رہائش گاہ پر دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی۔پولیس حکام کے مطابق سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، ایس ایس پی آپریشنز سمیت سینئر پولیس افسران موقع پر موجود ہیں۔