ڈی جی سیپا نعیم احمد مغل نے 3 ماہ چھٹی کی درخواست دے دی
شیئر کریں
محکمہ ماحولیات کے ماتحت ڈی جی سیپا نعیم احمد مغل نے 3 ماہ کی چھٹی کی درخواست دے دی۔ نعیم مغل کی جانب سے قومی مفاد کے خلاف اقدام کرنے کی اطلاعات۔ نعیم مغل نے اپنے پسندیدہ افسر کو قائم مقام ڈی جی تعینات کرنے کی خواہش ظاہر کردی۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق محکمہ ماحولیات کے ماتحت سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) کے ڈائریکٹر جنرل نعیم احمد مغل نے تین ماہ کی چھٹی کی درخواست سیکریٹری ماحولیات آغا واصف عباس کو ارسال کی ہے جس کے بعد سیکریٹری ماحولیات نے ڈی جی سیپا نعیم مغل کی لمبی چھٹی منظور کردی ہے اور سیکریٹری سروسز کو قائم مقام ڈی جی سیپا کی تعیناتی کے ل?ے گریڈ 19 کے تین افسرانہ وقار حسین پھلپوٹو۔ عاشق علی لانگاہ اور وارث گبول کے نام ارسال کئے ہیں۔ سیپا کے ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ڈی جی سیپا نعیم احمد مغل نے قومی مفاد کے خلاف اقدام کر لیا ہے جس میں منی لانڈرنگ اور کسی ممنوعہ چیز کی امپورٹ کرنے کا اطلاعات ہیں۔ ایک وفاقی ادارے نے ڈی جی سیپا نعیم مغل کے غیر قانونی اقدام پر چھان بین شروع کی ہے اور امکان ہے کہ انکوائری شروع ہوگی۔ ڈی جی سیپا نعیم مغل کے بلنڈر کا بھانڈا پھوٹنے پر نگران سندھ حکومت کی اعلی شخصیت نے نعیم مغل کو بچانے کے لیے ان کو تین ماہ کی چھٹی پر جانے کی ہدایت کی جس کے بعد ڈی جی سیپا نعیم مغل نے چھٹی کی درخواست دی اور سفارش کی کہ ان کے قریب رہنے والے افسر کو قائم مقام ڈی جی بنایا جائے جس پر سیکریٹری ماحولیات آغا عباس نے وارث علی گبول کا نام بھی شامل کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی سیپا نعیم مغل کے چہیتے افسران کینیڈین شہری ڈپٹی ڈائریکٹر کامران کیمسٹ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر منیر عباسی اور سابق فرنٹ مین محمد حبیب اللہ یا حبیب بہاری محتاط ہو گئے ہیں۔