کے الیکٹرک کو دوبارہ لائسنس نہیں ملنا چاہیے، حافظ نعیم الرحمن
شیئر کریں
جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کو لائسنس نہیں ملنا چاہیے، کے الیکٹرک کو بغیر معاہدے کے گیس فراہم کی جاتی ہے، جب سستی بجلی موجود ہے تو کے الیکٹرک مہنگی بجلی کیوں بنائے، کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ ہونا چاہیے، نیپرا، حکومت اور کے الیکٹرک کا گٹھ جوڑ ہے۔منگل کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ امریکا اور اسرائیل کا ایک ہی ایجنڈا ہے، گریٹر اسرائیل کو بنانے کے لیے امریکا اور اسرائیل پراپیگنڈا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل جمہوریت دشمن فورس ہیں، امریکا کو ایسی جمہوریت پسند ہے جس میں اس کے کٹھ پتلی شامل ہوں۔جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر نے کہا کہ حماس نے مزاحمت کا مظاہرہ کیا، حماس ایک جمہوری قوت ہے، جس نے اپنے قیدیوں کے ساتھ جو سلوک کیا اس سے پوری دنیا کی توجہ ان کی طرف ہے، حماس نے خود نہیں کھایا اور قیدیوں کو کھلایا، ان کا خیال رکھا۔انہوںنے کہا کہ حماس نے قیدیوں کو تمام سہولتیں فراہم کیں، حماس لوگوں کے دلوں میں رہتی ہے، اسرائیل نے فلسطینی قیدیوں پر تشدد کیا، سردی میں باہر چھوڑ دیا، اسرائیل فلسطینی قیدیوں پر ظلم کرتا ہے۔