زرداری کے انٹرویوپر بلاول بھٹو ناراض، اچانک دبئی چلے گئے
شیئر کریں
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری دبئی روانہ ہوگئے، وہ نجی طیارے کے ذریعے دبئی گئے۔باخبر ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو گزشتہ روز شریک چیئر مین آصف علی زرداری کے نجی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو سے ناراض ہو کر دبئی چلے گئے ہیں، جس میں آصف علی زرداری نے بلاول بھٹو کے سیاسی بابوں کو سیاست چھوڑنے کی جارحانہ مہم پر اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کی تربیت میں ابھی کمی ہے ، اُنہیں تجربہ نہیں۔ آصف علی زرداری نے مذکورہ انٹرویو میں یہ تک کہہ دیا تھا کہ خود بلاول کے پارٹی ٹکٹ کو فیصلہ بھی وہ کریں گے۔ بلاول بھٹو کے والد آصف زرداری نے انٹرویو میں یہ بھی کہا تھا کہ بلاول سب کو بابے کہہ رہے ہیں، صرف مجھے نہیں کہہ رہے، نئی پود کی سوچ ہے، ہر گھر کی سوچ ہے کہ بابا آپ کو کچھ نہیں آتا۔سابق صدر نے بلاول بھٹو کو زیر تربیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلاول ابھی مکمل ٹرین نہیں ہوا، پڑھا لکھا ہے، اچھا بولتا ہے، لیکن تجربہ تجربہ ہوتا ہے۔ سیاست میں سیکھتے سیکھتے، سیکھتے ہیں ،مجھ سے بھی غلطیاں ہوتی ہیں۔پیپلزپارٹی کے انتہائی باخبر اندرونی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بلاول بھٹو نے اس انٹرویو کا انتہائی بُرا منایا ہے، جو اُن کی جارحانہ انتخابی مہم کے لیے ایک دھچکا ثابت ہوا ہے۔ بلاول بھٹو کے متعلق اُن کے قریبی ذرائع سے معلوم ہو ا ہے کہ وہ اس انٹرویو کو سننے کے بعد اپنی تما م اگلی سرگرمیوں کو چھوڑ کرفورا ہی دبئی چلے گئے۔ بلاول بھٹو کا خیال تھا کہ آصف علی زرداری کو ایسے موقع پر یہ بات نہیں کرنا چاہئے تھی جب وہ الیکشن مہم میں نئی نسل کو متوجہ کر رہے تھے۔ آصف علی زرداری کے انٹرویو کے بعد بلاول بھٹو کی اچانک دبئی روانگی سے پاکستانی سیاست میںافواہوں کا ایک طوفان آگیا ہے جس کی پیپلزپارٹی نیم دلی سے تردید کر رہی ہے۔ تاہم بلاول بھٹو کو منانے کے لیے آصف علی زرداری نے بھی فوراً ہی دبئی کی پرواز لی ہے۔ اطلاعات کے مطابقپیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اسلام آباد ایئرپورٹ سے نجی طیارے کے ذریعے گزشتہ شام ساڑھے سات بجے روانہ ہوئے ۔