بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کر رہی ہے ،مشعال ملک
شیئر کریں
نگران وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کی آواز کو دبانے کے لیے جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مرتکب ہو رہی ہے ، اقوام متحدہ ایک اعلی سطحی کمیشن بنائے جو بین الاقوامی قوانین کے مطابق دنیا بھر میں ہونیوالے ان جرائم کی تحقیقات کرائے، اسرائیلی فوج غزہ میں معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنا رہی ہے۔ جمعرات کو یہاں حریت رہنماں کے ہمراہ یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ خطہ میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل بہت ضروری ہے، کشمیری عوام 1947 سے بھارتی ظلم و جبر کا مقابلہ کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت آر ایس ایس کے ذریعے دنیا بھر میں کشمیریوں کو ہراساں کر رہا ہے ، اب سکھ اقلیت بھی ان سے محفوظ نہیں کینیڈا میں سکھ رہنما کا قتل اس کی واضح مثال ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے اپنے ظلم و بربریت کو چھپانے کے لیے ذرائع ابلاغ پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔