غیرقانونی افغانیوں کے خلاف حکمت عملی تیار
شیئر کریں
پاکستان میں مقیم غیر قانونی افغان تارکین وطن کے خلاف وسیع اور جامع آپریشن کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد جو آپریشن ہوگا اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنی حکمت عملی تیار کرلی ہے، اطلاعات کے مطابق نگراں حکومت اور پاک فوج نے یہ واضح کردیاہے کہ غیر قانونی طورپر مقیم افغان پناہ گزینوں کو اب کسی طرح کی ایک دن کی بھی مہلت نہیں دی جائے گی اور تمام غیرقانونی طورپر مقیم افغان باشندوں کو بہر طور پاکستان چھوڑ کر جانا ہوگا،اطلاعات کے مطابق یکم نومبر سے غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کے خلاف کارروائی کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا جاچکا ہے۔ حکومت نے غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کومختلف ذرائع سے متنبہ کردیاہے کہ انھیں 31 اکتوبر تک ملک چھوڑنے کے حکم پر بہرطورعمل کرنا پڑے گا۔تمام متعلقہ اداروں اور ایجنسیوں کو اس حوالے سے ضروری اہداف سونپ دیے گئے ہیں۔اگرچہ پاکستان کے ساتھ ہر معاملے میں مخاصمانہ طرز عمل اپنے والے افغان حکمرانوں نے بھی پاکستان سے غیر قانونی طورپر مقیم افغانیوں کو نکالنے کے اس حکم پر تحفظات بلکہ ناراضی کا اظہارکیاہے لیکن وہ بھی اس حکم کی افادیت پر کوئی اعتراض نہیں کرسکے ہیں،ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستانی حکام کو اس حوالے سے کسی طرح کا دباؤ قبول نہیں کرنا چاہئے اور ملک کو اس صورتِ حال سے نجات دلاکر دم لینا چاہئے جو بتدریج ایک عفریت کی صورت اختیار کرتے جارہے ہیں۔