عبداللہ بلڈرز کی بینظیر بھٹو اسپورٹس کمپلیکس پر قبضے کی کوشش
شیئر کریں
عبداللہ بلڈرز اینڈ ڈیوولپرز کی شہید بینظیر بھٹو اسپورٹس کمپلیکس پر قبضے کی کوشش، قاسم آباد کے سماجی رہنما محبوب ابڑو میدان میں آگئے ، قاسم آباد میں موجود کھیلوں کے گراؤنڈ سے غیرقانونی ڈرینیج لائن نکالی گئی، عامر جتوئی نے غیرقانونی این او سی دی، قاسم آباد کے رہائشی کی ڈپٹی کمشنر کو تحریری شکایت، ڈپٹی کمشنر نے ایس ایس پی کو کارروائی کیلئے خط لکھ دیا، تفصیلات کے مطابق عبداللہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کی جانب سے اپنے منصوبے عبداللہ اسپورٹس ٹاؤر سے ملحقہ سرکاری کھیلوں کے گراؤنڈ پر قبضے کی کوششوں کا انکشاف ہوا، قاسم آباد کے سماجی و تاجر رہنما نے ڈپٹی کمشنر کو خط لکھ دیا ہے ، روزنامہ جرأت سے بات کرتے ہوئے سابقہ ناظم قاسم آباد اور سماجی رہنما محبوب ابڑو نے کہا اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ عامر جتوئی نے عبداللہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کو غیرقانونی طور پر شہید بینظیر بھٹو اسپورٹس کمپلیکس سے ڈرینیج لائن نکالنے کی این او سی جاری کی اور بلڈرز نے کئی فٹ ڈرینیج لائن نکال کر کھیلوں کے میدان کو تباہ کردیا جبکہ ایک حصے پر قبضہ بھی کرلیا ہے ، بچے کھیلنے سے محروم ہوگئے ہیں۔ اس سلسلے میں قاسم آباد کے رہائشی ذوالفقار علی بلوچ نے نے ڈپٹی کمشنر کو تحریری شکایت بھی جمع کروا دی ہے جس پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے ایس ایس پی حیدرآباد کو کارروائی کیلئے لیٹر لکھ دیا ہے ۔