محکمہ ریونیو کے کرپٹ افسران کے خلاف شکنجہ تیار
شیئر کریں
محکمہ ریونیوکے کرپٹ افسران کے خلاف شکنجہ تیار۔ کرپشن سسٹم کو توڑنے کی کوششیں، سیکریٹری بورڈ آف ریونیو ڈاکٹر ایم بی راجا دھاریجو نے کرپشن کی شکایت ملنے کی صورت میں افسر کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق نگران وزیر ریونیو سندھ یونس ڈاگھا کے احکامات پر سیکریٹری بورڈ آف ریونیو نے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کر کے ہدایت کی ہے کہ محکمہ ریونیو کا کوئی بھی افسر کسی بھی جائز سرکاری کام یا دستاویز کے لیے رشوت طلب نہ کرے بصورت دیگر اگر کسی افسر کے خلاف کوئی شکایت موصول ہوئی تو انکوائری کے بعد متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ محکمہ ریونیو میں اچھی شہرت نہ رکھنے والے اور بدنام افسران کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت محکمہ جاتی کارروائی کی جائے۔ محکمہ ریونیومیں زیر التوا تمام معاملات ایک ہفتے ہیں نمٹائیں جائیں محکمہ ریونیو کے دفتروں میں سرکاری دستاویزات اور سرکاری کام کسی بھی نجی شخص کے حوالے نہ کیا جائے۔ ریونیو دفتروں میں سرکاری کام کے لیے آنے والے درخواست گزاروں سے افسران اور ملازمین نرم لہجے اور بہتر رویے سے بات کریں۔ محکمہ ریونیو میں تمام ریکارڈ بہتر طریقے سے رکھا جائے اور دفتروںکو صاف ستھرا رکھا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے محکمہ ریونیو سندھ میں سابق وزیر اور سابق حکمران جماعت کا کرپشن سسٹم نافذ ہے کراچی سمیت سندھ بھر میں سب رجسٹرار اور مختیارکار کے دفتر کرپشن کا گڑھ بنا دیے گئے۔ محکمہ ریونیو میں نجی لوگوں کے ذریعے تمام جائز سرکاری کاموں کے باضابطہ طور پر ریٹ مقرر کر کے رشوت وصول کی جاتی اور ہر ماہ کروڑوں روپے کرپشن کے ذریعے بنائے گئے۔