ایک لاکھ سے زائد لیٹر ایرانی ڈیزل پکڑا گیا
جرات ڈیسک
پیر, ۴ ستمبر ۲۰۲۳
شیئر کریں
کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کی اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے ایک بڑی کارروائی میں ایک لاکھ سے زائد لیٹر ایرانی ڈیزل پکڑ لیا۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے ایرانی ڈیزل کی بھاری مقدار میں اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، کسٹمز کے عملے نے سندھ بلوچستان کے سرحدی علاقے میں ہمدرد یونیورسٹی کے قریب کارروائی کی۔ کسٹمز ترجمان کے مطابق کارروائی میں اسمگل شدہ ڈیزل سے بھرے 5 آئل ٹینکر ضبط کیے گئے ہیں، جن میں ایک لاکھ 11 ہزار 286 لیٹر ڈیزل موجود ہے، جب کہ ضبط شدہ ڈیزل کی مالیت 3 کروڑ 45 لاکھ 55 ہزار 552 روپے ہے۔ ترجمان کسٹمز کے مطابق کارروائی کے دوران ٹینکرز میں موجود ڈرائیورز اور کلینرز سمیت 12 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل اندرون سندھ لے جایا جا رہا تھا کہ خفیہ اطلاع پر کسٹمز نے کارروائی کی۔