سندھ میں ملیریا کیسز میں شدید اضافہ،اسپتالوں میں خصوصی وارڈ کا فیصلہ
شیئر کریں
سندھ بھر میں ملیریا کیسز میں شدید اضافے کے باعث تمام اسپتالوں میں خصوصی ملیریا وارڈ قائم کرنے کا فیصلہ، ڈی جی ہیلتھ نے نگران وزیر صحت سندھ کی ہدایت پر تمام چھوٹے بڑے اسپتالوں کو حکم نامہ جاری کردیا، نگران وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نیاز کے زیرصدارت ملیریا کنٹرول پروگرام اجلاس میں اراکین نے ملیریا کے ادویات کی کمی کے متعلق بریفنگ دی۔رپورٹ کے مطابق نگران وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز کے زیر صدارت ملیریا کنٹرول پروگرام کا اجلاس ہوا، سیکریٹری صحت سہیل قریشی، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروس ارشاد میمن اور دیگر نے شرکت کی، اجلاس میں اراکین نے بریفنگ دی کہ ضلع ٹھٹھہ میں اس وقت ملیریا کے زیادہ کیسز ظاہر ہوئے ہیں، ٹھٹھہ میں ملیریا کے ادویات کے کمی کی بھی شکایتیں موصول ہوئی ہیں، جس کے بعد ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے سندھ کے تمام چھوٹے بڑے سرکاری اسپتالوں، ڈی ایچ اوز، ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیومیں ملیریا ٹریٹمنٹس کلینکس کے قیام اور اس میں صبح 9بجے سے رات 8بجے تک ڈاکٹرز کی موجودگی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی،نگران وزیر صحت کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ ڈاکٹر ارشاد میمن نے تمام اسپتالوں میں ملیریا ٹریٹمنٹس کلینکس کے فوری قیام کے لئے حکم نامہ جاری کردیا،جبکہ ڈپٹی ڈی جی وی بی ڈی ڈاکٹر مشتاق شاہ کو فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے۔