حکومت نے عوام پر بجلی بم گرادیا، 5.40 روپے فی یونٹ مہنگی
شیئر کریں
حکومت نے مہنگائی کیسے ستائے عوام پر ایک بار پھر بجلی بم گرا دیا۔ قیمت میں 4 روپے 40 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی گئی۔نیپرا میں مالی سال 2022-23 کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ پر سماعت ہوئی، جس میں بجلی 5 روپے 40 پیسے فی یونٹ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت مہنگی کرنے کی منظوری دے دی گئی۔بجلی کی قیمت میں یہ نیا اضافہ سال 2022-23 کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا جائے گا۔ نیپرا سہ ماہی ایڈجستمنٹ پر تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کرے گا جب کہ اس اضافے کا اطلاق لائف لائن، کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔سماعت کے دوران رکن نیپرا رفیق شیخ نے کہا کہ دعا کریں اللہ بہتر کرے، صارفین کی طرح ہم بھی بل ادا کرتے ہیں۔واضح رہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں آج سرکاری تقسیم کار کمپنیوں کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں قیمتوں میں اضافے کی درخواست کی گئی تھی۔فیسکو کی جانب سے درخواست میں 23 ارب 49 کروڑ،گیپکو کی جانب سے 16 ارب 13کروڑ روپے کا اضافہ مانگا گیا ہے۔ حیسکو نے 9 اور آئیسکو نے بھی 9 ارب روپے کے اضافے کی درخواست دی تھی۔ لیسکو کی جانب سے 31 ارب اور میپکو نے 27 ارب روپے سے زائد کا بوجھ ڈالنے کی درخواست دی۔ پیسکو 9 ارب، کیسکو 7 ارب، سیپکو 5 اور ٹیسکو نے 4 ارب کا اضافہ مانگا تھا۔ان درخواستوں کی منظوری کی صورت میں بجلی کی قیمت میں اضافے سے صارفین پر 144 ارب 69 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔