انتخابات کی تیاری بلاول بھٹو کی پارٹی رہنمائوں سے مشاورت
شیئر کریں
آئندہ عام انتخابات کے لیے تیاری اورانتخابات میں ممکنہ تاخیرکے معاملے پرپاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنمائوں سے مشاورت شروع کردی ہے،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سینیٹر رضا ربانی،سابق وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری،سابق وزیر برائے محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی،سابق وزیر زراعت سندھ منظور وسان،سابق صوبائی وزیرمکیش چاولہ،سابق وزیر آبپاشی جام خان شورو،سابق رکن قومی اسمبلی عمران لغاری،حیدرآباد کے میئر کاشف شورو،ابراہیم حیدری ٹان میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین نذیر احمد بھٹو نے بلاول ہائوس میں ملاقات کی اور عوامی مسائل اور ان کے حل ،ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔سابق رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے 16 مہینوں کے دوران اپنی وزارت کی کارکردگی سے پارٹی چیئرمین کو آگاہ کیا۔ سابق وزیر برائے محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے بتایا کہ سندھ حکومت نے بے نظیر مزدور کارڈ کا اجرا کیا، جس میں صحت و تعلیم سمیت مزدوروں کو مختلف گرانٹس دی جارہی ہیں،سابق وزیر زراعت سندھ منظور وسان نے اپنی دو سالہ کارکردگی پر بریفنگ دی اوربتایا کہ سندھ میں گندم کی امدادی قیمت کو 1800 سے چار ہزار روپے فی من تک بڑھایا اور سیلاب سے متاثرہ 25 ایکڑ تک زرعی زمین کے مالک چھوٹے کسانوں کو پانچ ہزار روپے فی ایکڑ دیے۔سابق رکن سندھ اسمبلی جام خان شورو نے حیدرآباد کی سیاسی صورت حال سے آگاہ کیااورکہاکہ تھر اور کوہستان سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں 130 چھوٹے ڈیم بنائے جس سے تین لاکھ ایکڑ زمین سیراب ہورہی ہے،سندھ میں سیلاب کے دوران ساڑھے چار ہزار مقامات پر پڑنے والے تمام شگافوں کو فی الفور پر کیا جس سے گندم کی ریکارڈ فصل ہوئی۔بلاول بھٹو زرداری سے ریسرچ اینڈ کوآرڈینشن سیل کے انچارج لعل بخش بھٹو نے ملاقات کی جس میں آئندہ انتخابات اور سندھ کی سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی، اس موقع پر سابق وزیر سندھ ندیم بھٹو بھی موجود تھے۔