اٹلس ہنڈا موٹرسائیکلوں کی فروخت، 6 ماہ میں 33 ارب روپے منافع کمانے کا انکشاف
شیئر کریں
( رپورٹ / سید منور علی پیرزادہ ) اٹلس ہنڈا لمیٹڈ کمپنی کو 6 ماہ کے دوران 33 ارب 78 کروڑ 46 لاکھ 60 ہزار روپے منافع ہونے کا تجزیاتی تخمینہ سامنے آیا ہے۔ جو کہ موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں غیر یقینی اضافے کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق اٹلس ہنڈا لمیٹڈ نے جنوری سے جون 2023 ء تک 4 لاکھ 81 ہزار 146 موٹرسائیکل تیار کیں اور اسی دورانیہ میں 4 لاکھ 82 ہزار 638 مختلف ہارس پاور کی موٹرسائیکلیں فروخت کیں۔ فروری ، مارچ ، اپریل مئی اور اگست میں موٹرسائیکل کی قیمتیں بڑھائے جانے کے بعد فی موٹرسائیکل 36 ہزار 4 سو سے ایک لاکھ 40 ہزار روپے کا غیر یقینی اضافہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق ہنڈا موٹرسائیکل کی پیداواری لاگت کو چانچنے کا عمل مشکوک ظاہر ہورہا ہے ، جسے چھان بین کہ اشد ضرورت ہے تاکہ پتا لگایا جاسکے کہ 6 ماہ میں 5 مرتبہ قیمتوں کا اضافہ کس پیداواری لاگت پر کیا گیا۔ اس ضمن میں موٹرسائیکل کی صنعت سے وابستہ تجارتی ماہرین نے تجزیاتی بنیاد پر انکشاف کیا ہے کہ اٹلس ہنڈا موٹرسائیکلوں پر 50 ہزار سے دو لاکھ روپے تک منافع حاصل کیا جارہا ہے ، موٹرسائیکلوں پر محتاط اوسط منافع 70 ہزار روپے مقرر کیا جائے تو اٹلس ہنڈا لمیٹڈ کو 33 بلین روپے سے زائد کی آمدنی ہونا ظاہر ہوتی ہے۔ اٹلس ہنڈا موٹرسائیکل لمیٹڈ نے فروری سے 5 اگست 2023 تک سی ڈی 70 موٹرسائیکل پر 36 ہزار 400 روپے ، 70 ڈریم پر 39 ہزار روپے ، پرائیڈر پر 47 ہزار روپے ، سی جی 125 پر 49 ہزار روپے ، سی جی 125 ایس ای پر 63 ہزار 400 روپے ، سی بی 125 ایف پر ایک لاکھ 7 ہزار روپے ، بلیک ، ریڈ اور سلور سی بی 150 ایف پر ایک لاکھ 40 ہزار روپے کا اضافہ کیا ہے۔