جنگ مسئلہ کا حل نہیں، بات چیت سے آگے بڑھا جاسکتا ہے، وزیر اعظم
شیئر کریں
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ جنگ کسی مسئلہ کا حل نہیں، بات چیت سے ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے، سیاسی وجوہات کی بنا پر تذبذب کا شکار رہے ،اب ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر ہمیں آگے بڑھنا ہوگا، کرپشن ترقی میں بڑی رکاوٹ بنی اور نیب لوگوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتا رہا،ریکوڈک منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان میں 6 ٹریلین ڈالر کے معدنی ذخائر موجود ہیں، 75 سال میں ہم نے اپنی قیمتی دولت پر توجہ نہیں دی، ایس آئی ایف سی پاکستان کی ترقی کا بہترین ماڈل ہے، اپنے وسائل عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے ہو ں گے۔ منگل کو انہوں نے پاکستان منرل سمٹ (ڈسٹ ٹو ڈویلپمنٹ)کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے لئے آج ایک اہم دن ہے، یہاں پر مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کار اور دیگر افراد یہاں موجود ہیں۔انہوںنے کہاکہ ریکو ڈک منصوبہ ملکی تاریخ میں خاص اہمیت کاحامل ہے،گزشتہ 75 سال میں ہم نے اپنی قیمتی دولت پر توجہ نہ دی، کیا ہم کسی کارٹل یا سیاسی وجوہات کی بنا پر تذبذب کا شکار رہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں 6 ٹریلین ڈالر کے ذخائر موجود ہیں اور ابھی تک دیکھیں تو ہم کہاں کھڑے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان سٹیل مل 70 کی دہائی میں روس کی شراکت سے تعمیر کی گئی اور اس کا تمام خام مال درآمد کیا جاتا رہا۔ انہوںنے کہاکہ کالا باغ میں لوہے کیذخائر تک رسائی حاصل کی گئی تاہم انہیں بھلادیاگیا،اس کو آج کے دور کی ٹیکنالوجی کے ذریعے اس سٹیل مل کے خام مال کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔