دبئی، پراپرٹی کی قیمتوں میں 2014 کے بعد تیزی سے اضافہ
شیئر کریں
پراپرٹی کنسلٹنسی فرم سی بی آر ای کے مطابق 30 جون کو ختم ہونے والے سال کے دوران میں دبئی میں اقامتی جائیدادوں کی قیمتوں میں قریبا ایک دہائی میں سب سے زیادہ 16.9 فی صد اضافہ ہوا ہے جبکہ اوسط کرایوں میں 22.8 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق دبئی میں فی مربع فٹ اپارٹمنٹ کی اوسط قیمت 1،294 درہم (352.31 ڈالر) اور ولاز کی اوسط قیمت 1،525 درہم فی مربع فٹ تک پہنچ گئی ہے۔ امارت کے شماریاتی مرکز کے مطابق دبئی، جو دنیا کی بلند ترین، فلک بوس عمارات اور کھجور کی شکل کے انسانی ساختہ جزیروں کا گھر ہے، دنیا کے تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں سے ایک بن گیا ہے۔ اس کی آبادی 5 جولائی کو 36 لاکھ نفوس ریکارڈ کی گئی ہے۔ کوروناوائرس کی وبا کے بعد تیزی سے معاشی بحالی اور رہائشی قوانین میں نرمی کے بعد دبئی کی پراپرٹی مارکیٹ میں تیزی آئی ہے۔ سی بی آر ای نے مزید کہا کہ جون میں 9,876 رہائشی یونٹس فروخت ہوئے۔ یہ تعداد ایک سال قبل کے مقابلے میں 18.8 فی صد زیادہ ہیں، آف پلان فروخت میں 44.9 فی صد اضافہ ہوا جبکہ ثانوی مارکیٹ کی فروخت میں 0.5 فی صد کمی واقع ہوئی ہے۔30جون کو ختم ہونے والے سال کے دوران میں اوسط کرایہ میں 22.8 فی صد اضافہ ہوا، جو مئی کے آخر میں ریکارڈ کیے گئے 24.2 فی صد اضافے کے مقابلے میں کچھ سست رو تھا۔ سی بی آر ای کے تحقیقی سربراہ تیمور خان نے کہا کہ امارت کے کئی بڑے علاقوں میں کرایوں میں اضافے کی شرح معتدل ہو رہی ہے اور ان کمیونٹیوں کے اندر بہت سی فہرستیں کرایوں میں کمی کر رہی ہیں۔