میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
مرتضیٰ وہاب، سلمان عبداللہ مرادعیدالاضحی آلائش آپریشن میں سرخرو

مرتضیٰ وہاب، سلمان عبداللہ مرادعیدالاضحی آلائش آپریشن میں سرخرو

ویب ڈیسک
پیر, ۳ جولائی ۲۰۲۳

شیئر کریں

(رپورٹ: جوہر مجید شاہ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد اپنے پہلے بڑے ٹاکرے عیدالاضحی آلائش آپریشن میں سرخرو، شہر بھر میں 5روزہ آلائش و کچرا صفائی آپریشن کی مکمل نگرانی اور مستعدی نے شہریوں کے دل جیت لیے۔ واضح رہے بوہری برادری ایک دن قبل قربانی کا فریضہ انجام دیتی ہے، جبکہ اہلحدیث جماعت عید کے چوتھے روز بھی سنت ابراہیمیؑ کی ادائیگی کا فریضہ انجام دیتی ہے۔ 5روزہ آپریشن میں شہر بھر کی تمام ضلعی بلدیات اور ٹائونز میں کارکردگی اطمینان بخش رہی، شہریوں کا کہنا ہے کہ اس سال کارکردگی گزشتہ سالوں کی نسبت مثالی رہی، تمام ضلعی بلدیات سے اٹھائی گئی آلائشیں و کچرے کے اعداد و شمار بھی جاری کردیے گئے، مذکورہ آپریشن ضلعی بلدیات ٹائونز منتخب چیئرمین اور وائس چیئرمین اور سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے جس میں مرکزی و کلیدی کردار سینیٹری ورکرز کا ہے۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد کی مثبت و بھرپور حکمت عملی کے سبب آنے والے نتائج نے شہریوں کو صفائی ستھرائی تعفن مچھروں کی بہتات سمت مختلف موذی امراض سے بھی محفوظ رکھا، جبکہ اس مرتبہ آلائشوں کو کاٹ کر چربی اور گند علیحدہ کرنے والوں کے خلاف بھی پولیس کو متحرک کیا گیا اور لگ بھگ ایسے 115 افراد کو تھانے کی ہوا کھانا پڑی جنھیں بعدازاں تنبیہ کرکے چھوڑ دیا گیا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق امسال عیدالاضحی آپریشن کے دوران مجموعی طور پر1 لاکھ 13 ہزار 4سو 35ٹن113435ٹن آلائشیں و کچرا اٹھایا گیا جسے جدید سائنٹیفک اور محفوظ طریقے سے لینڈ فل سائٹ خندقوں میں منتقل کیا گیا، آلائشیں جن کا وزن لگ بھگ بیاسی ہزار 4سو 35ٹن تھا لینڈ فل سائٹ پہنچائی گئی، جبکہ کچرا اکتیس ہزار ٹن فل سائٹ پر محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگایا گیا۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد نے شہر بھر میں جاری آپریشن کی خود نگرانی کی، جبکہ ان کے ہمراہ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے چیئرمین بھی موجود تھے نومنتخب میئر کراچی اور ڈپٹی میئراپنے پہلے بڑے چیلنج کو عبور کرنے میں کامیاب رہے۔ کراچی کے شہریوں سے کیے گئے وعدے جس میں انکی مشکلات کا ازالہ ہو گا اس کا بڑا واضح ثبوت انہوں نے اپنے پہلے معرکے میں عملی طور پر پیش کردیا۔ میئر کراچی نے اپنے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ متوقع مون سون بارشوں میں بھی قوم کو مایوس نہیں کرینگے اور اپنی تمام تر صلاحیتیں موجود وسائل کے ساتھ انجام دیں گے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں