ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر سربکف مہمند ہلاک
شیئر کریں
کالعدم دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے منسلک اہم کمانڈر سربکف مہمند مارا گیا۔ ذرائع کے مطابق کمانڈر سربکف مہمند کی موت انتہائی پرسرار حالات میں ہوئی، دہشت گرد تنظیموں کے اندرونی اختلافات شدت اختیار کرچکے ہیں اور قوی امکان ہے کہ سربکف کی موت بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہو۔ سربکف مہمند ایک طویل عرصے سے دہشت گرد کارروائیو ں میں مشغول تھا اورسربکف غازی میڈیا نیٹ ورک کے نام سے سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف پروپیگنڈا بھی پھیلا رہا تھا۔ سربکف کی اپنے ہی ساتھی دہشت گردوں سے شدید اختلافات کی خبریں بھی موصول ہوئی ہیں، اختلافات کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ سربکف کا تعلق جماعت الاحرار سے تھا جو کچھ عرصہ پہلے ٹی ٹی پی میں ضم ہو گئی تھی۔ اطلاعات کے مطابق ضم ہونے کے باوجود دونوں گروپوں کو ایک دوسرے سے اختلافات رہتے تھے جس کی بنیادی وجہ اغوا اور بچوں کے استحصال کے لئے علاقے کی تقسیم تھا، سربکف مہمند پشاور پولیس لائنز حملے سمیت دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔