بدین زیرو پوائنٹ پر سمندری طوفان کا دباؤ بڑھ گیا، پانی دیہات میں داخل
شیئر کریں
حیدرآباد (رپورٹ :شاہنواز خاصخیلی)بدین کے زیرو پوائنٹ پر سمندری طوفان کا دبا ؤبڑھ گیا، سمندری پانی اطراف کی دیہات میں داخل، 20سے زائد دیہات کی آبادی ریلیف کیمپوں میں منتقل، مختیارکار گولاڑچی اور ڈی ایس پی کی سربراہی میں زیرو پوائنٹ چوک پر کیمپ قائم، زیرو پوائنٹ جانے پر پابندی عائد،20ہزار افراد نقل مکانی کر چکے ہیں، 10ہزار افراد رضاکارانہ نقل مکانی کر گئے، دلدار نہڑیو،سمندری طوفان بائپر جوائے کا بدین کی تحصیل گولاڑچی سے ملحقہ زیرو پوائنٹ پر دباؤ بڑھ گیا ہے، دباؤ بڑھنے کے باعث اطراف کے دیہات میں سمندری پانی داخل ہونے سے سیکڑوں گھرزیر آب آگئے، ضلع انتظامیہ بدین زیرو پوائنٹ کے اطراف میں 15کلومیٹر کے دائرے میں موجود دیہات صدیق میندہرو، مہنیال داھندل، سومار رچھو، رمضان ملاح، دلیل چانگ، محمد تھیمور، گونگڑو سمیت 20سے زائد گاؤں خالی کرا دیے ہیں، مختیارکار گولاڑچی دلدار نہڑیو نے روزنامہ جرأت کو بتایا کہ 20ہزار کی آبادی نقل مکانی کر چکی ہے، 10ہزار کے لگ بھگ افراد رضاکارانہ نقل مکانی کر گئے تھے، جبکہ کچھ افراد بچے ہیں جن کو راتگئے منتقل کردیا جائیگا، مختیارکار کے مطابق نقل مکانی کرنے والے کافی خاندان اپنے عزیز و اقارب کے پاس جا رہے ہیں، جبکہ دوسرے افراد کو گولاڑچی، احمد راجو اور آرمی پبلک اسکول ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے، مذکورہ کیمپوں کے علاوہ چھوٹے چھوٹے ریلیف کیمپ بھی بنائے گئے ہیں، زیرو پوائنٹ تک جانے والے مرکزی راستہ کے زیرو پوائنٹ چوک پر پولیس کی بھاری نفری مقرر کردی گئی ہے، ڈی ایس پی گولاڑچی رحیم خاصخیلی نے روزنامہ جرأت کو بتایا کہ 8کلومیٹر کے فاصلے پر موجود مرکزی چوک پر چوکی قائم کرکے زیرو پوائنٹ پر جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔