ممنوعہ فنڈنگ کیس، پی ٹی آئی کی اسکروٹنی کمیٹی ارکان پر جرح کی درخواست خارج
جرات ڈیسک
بدھ, ۲۲ مارچ ۲۰۲۳
شیئر کریں
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کی اسکروٹنی کمیٹی ارکان پر جرح کی درخواست خارج کر دی۔ دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی کے وکیل سے استفسار کیا کہ تحریک انصاف نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا وہاں کیا فیصلہ آیا؟ وکیل کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ نے قرار دیا تھا کہ تحریک انصاف کا موقف سن کر فیصلہ کیا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ تحریک انصاف نے عبوری جواب دیا تھا حتمی جواب کیلئے وقت مانگا تھا، 6 ہفتے کا وقت مانگا تھا اب تو 6 ماہ گزر چکے ہیں، اب تک کچھ نہیں ہوا ایسے نہیں چلے گا۔ پی ٹی آئی کے معاون وکیل نے کہا کہ انور منصور سندھ ہائیکورٹ میں مصروف ہیں سماعت ملتوی کی جائے، کمیشن نے تحریک انصاف کے معاون وکیل کی دو ہفتے کا وقت دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت 28 مارچ تک ملتوی کر دی۔