میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ بلڈنگ کی کرپٹ ترین جوڑی آصف رضوی، سمیع جملانی، پٹہ سسٹم مافیا کی چہیتی

سندھ بلڈنگ کی کرپٹ ترین جوڑی آصف رضوی، سمیع جملانی، پٹہ سسٹم مافیا کی چہیتی

ویب ڈیسک
پیر, ۱۳ مارچ ۲۰۲۳

شیئر کریں

(وقائع نگار خصوصی) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا جونیئر ڈپٹی ڈائریکٹر سمیع جملانی پٹہ سسٹم مافیا کا چہیتا بن گیا۔ پٹہ سسٹم مافیا نے سمیع جملانی کو کراچی کے 2 اضلاع میں بیک وقت ڈائریکٹر لگا رکھا ہے۔ ضلع شرقی اور ضلع غربی میں ہونے والی اربوں روپے کی غیر قانونی تعمیرات میں سمیع جملانی پٹہ سسٹم مافیا کا اہم آلہ کار بنا ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں غیر قانونی تعمیرات کا پٹہ سسٹم چلانے والی شہزاد آرائیں مافیا نے ایس بی سی اے کے ماضی کے کرپٹ افسران پر خصوصی نوازشات کر رکھی ہیں۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی کرپٹ ترین جوڑی آصف رضوی اور سمیع جملانی اس وقت پٹہ سسٹم مافیا کے چہیتے بنے ہوئے ہیں۔ پٹہ سسٹم مافیا نے آصف رضوی کو ضلع جنوبی کا ڈائریکٹر بنا رکھا ہے جبکہ آصف رضوی کے کرپشن کے معاملات چلانے والے ڈپٹی ڈائریکٹر سمیع جملانی کو کراچی کے 2 اضلاع ضلع شرقی اور ضلع غربی کا ڈائریکٹر بنایا ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق ڈی جی ایس بی سی اے منظور قادر کاکا کے دور میں ایس بی سی اے افسران آصف رضوی اور سمیع جملانی کی جوڑی منظر عام پر آئی اور اس وقت انہیں گلشن اقبال ٹائون کا ڈائریکٹر بنایا گیا گلستان جوہر اور گلشن اقبال اور اسکیم 33 میں ہونے والی 60 فیصد غیر قانونی تعمیرات آصف رضوی اور سمیع جملانی کی جوڑی نے کرائی۔ اس وقت انہوں نے اپنے ایک ماتحت افسر ضیاء کالا کو اپنا فرنٹ مین بنا رکھا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کے شہزاد آرائیں مافیا سیٹ اپ نے بھی انہی دونوں افسران کو اپنا مہرہ بنایا ہوا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع شرقی کے علاقوں جمشید کوارٹر، پی ای سی ایچ ایس، گلستان جوہر، بہادر آباد، گلشن اقبال اور اسکیم 33 میں شہزاد آرائیں مافیا اپنے چہیتے ڈائریکٹر سمیع جملانی کے ذریعے ہی غیر قانونی تعمیرات کرارہی ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کرانے والی مافیا کا سرغنہ معطل بلڈنگ انسپکٹر شہزاد آرائیں، سمیع جملانی اور آصف رضوی کے ذریعے ضلع شرقی، ضلع غربی اور ضلع جنوبی میں اربوں روپے کی غیر قانونی تعمیرات کرارہا ہے۔ دونوں ڈائریکٹروں کو پٹہ سسٹم کے سرغنہ شہزاد آرائیں نے ایس بی سی اے کی بلڈنگ کے دوسرے فلور پر کمرے دے رکھے ہیں۔ اسی فلور پر خود شہزاد آرائیں نے اپنا سیٹ اپ بھی لگا رکھا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ ماضی میں بھی سمیع جملانی اور آصف رضوی کے خلاف غیر قانونی تعمیرات کرانے کی انکوائریاں چلتی رہی ہیں اور بعض انکوائریاں اب بھی التواء کا شکار ہیں۔ اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ تحقیقاتی اداروں نے بھی سمیع جملانی اور آصف رضوی کی تعیناتی کے دور میں ہونے والی غیر قانونی تعمیرات کا ریکارڈ مرتب کرنا شروع کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزاد آرائیں مافیا کے پٹہ سسٹم کے خاتمے کے بعد سمیع جملانی اور آصف رضوی کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی بھی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع شرقی اور ضلع غربی میں ہونے والی غیر قانونی تعمیرات میں سمیع جمالی پٹہ سسٹم مافیا کے سرغنہ شہزاد آرائیں کا حصہ دار ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ جب تحقیقاتی اداروں نے چند گھنٹوں کیلئے غیر قانونی تعمیرات کرانے والی مافیا کے سرغنہ شہزاد آرائیں کو حراست میں لیا تو ڈائریکٹر سمیع جملانی اور آصف رضوی اپنے موبائل فون بند کرکے غائب ہوگئے تھے کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ اگر شہزاد آرائیں کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی تو ان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ ذرائع دعویٰ کررہے ہیں کہ سمیع جملانی اور آصف رضوی نے غیر ملکی شہریت بھی لے رکھی ہے اور اس بات کا امکان ہے کہ شہزاد آرائیں مافیا کا پٹہ سسٹم ختم ہونے کے بعد مذکورہ افسران بیرون ملک فرار ہوجائیں۔ جرأت کی جانب سے جب سمیع جملانی اور آصف رضوی سے رابطہ کرنا چاہا تو ان کی جانب سے فون اٹینڈ نہیں کیا گیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں