تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کا آج لاہور سے آغاز
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف جیل بھرو تحریک کا آج ( بدھ) لاہور سے آغاز کرے گی جس کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں ، تحریک ا نصاف کے رہنما اور کارکنان پنجاب اسمبلی کے سامنے رضا کارانہ گرفتاریاں پیش کریں گے ، نگران حکومت نے بھی جیل بھرو تحریک کے حوالے سے اپنی حکمت عملی تیار کر لی ہے ،گرفتاریاں دینے والوںکا کریمینل ریکارڈ چیک کیا جائے گا اور انہیں صوبے کی دور دراز اضلاع کی جیلوں میں بھجوائے جانے کا امکان ہے ۔تفصیلات کے مطابق عمران خان کی کال پر تحریک انصاف آج 22فروری کو جیل بھرو تحریک کا آغاز کرنے جارہی ہے اور طے شدہ حکمت عملی کے مطابق ہر روز ایک شہر میں گرفتاریاں دی جائیں گے ۔ آج بدھ پہلے روز پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے گرفتاریاں دی جائیں گی ۔تحریک انصاف کی جانب سے رضا کارانہ گرفتاریاں دینے والوں کی فہرستیں مرتب کر کے ان سے گرفتاریاں پیش کرنے کیلئے رابطے بھی کر لئے گئے ہیں ۔ تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق صرف پارٹی کے رہنما اور کارکنان ہی گرفتاریاں پیش کریں گے بلکہ عام عوام نے بھی رضا کارانہ طور پر گرفتاریاں دینے کے لئے اپنے نام لکھوائے ہیں ۔