میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
نواز شریف کی زیر صدارت مرکزی قیادت کا مشاورتی اجلاس ، اہم فیصلے کئے گئے

نواز شریف کی زیر صدارت مرکزی قیادت کا مشاورتی اجلاس ، اہم فیصلے کئے گئے

جرات ڈیسک
منگل, ۳۱ اکتوبر ۲۰۲۳

شیئر کریں

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت جاتی امراء رائے ونڈ میں پارٹی کی مرکزی قیادت کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ، عام انتخابات کی تیاریوں ،نواز شریف کے چاروں صوبوں کے دوروں ، سیاسی رابطوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیااور اہم فیصلے کئے گئے ۔ جاتی امراء رائے ونڈ میں چار گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیر اعظم شہباز شریف ،سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز ، سیکرٹری جنرل احسن اقبال ،نائب صدر حمزہ شہباز ، سلیمان شہباز ، اسحاق ڈار ، پرویز رشید ، مریم اورنگزیب ، خواجہ آصف ، خواجہ سعد رفیق ، ملک احمد خان ، انوشہ رحمان ، میاں جاوید لطیف، رانا تنویر حسین، سردار ایاز صادق ،عابد شیر علی، عطا اللہ تارڑ، طلال چوہدری سمیت دیگر شریک ہوئے ۔ پارٹی قائد نواز شریف کی جانب سے اجلاس کے شرکاء کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا ۔ اجلاس میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی گئی اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے چار نومبر کو جنرل کونسل بلانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے وطن واپسی پر مینار پاکستان پر عظیم الشان اور تاریخی جلسے کے انعقاد پر تمام رہنمائوں کو مبارکباد دی اور عوام کا بھی شکریہ ادا کیا ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں انتخابی حکمت عملی اور انتخابات کی تیاریاں شروع کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس کے تحت قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں سے آج بدھ سے درخواستیں طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں سینیٹر عرفان صدیقی کو منشور کمیٹی کی صدارت سونپی گئی ، نواز شریف نے ہدایت کی کہ پاکستان کے موجودہ ہر طرح کے مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے نکات شامل کئے جائیں ، عدالتوں میں سالہا سال سے زیر التواء مقدمات کے فیصلوں اور انصاف کے نظام میں اصلاحات کے حوالے سے موثر حل پیش کیا جائے ۔ذرائع کے حوالے سے بتایاگیا ہے کہ نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں انتخابی بیانیے بارے تجاویز طلب کر لی گئیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نواز شریف چاروں صوبوں کے دورے کریں گے ،نواز شریف سیاسی حلیف جماعتوں کی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے جس میں ملک کیلئے مفاہمت کے عمل کو فروغ دینے کیلئے بات چیت کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے مشکل حالات کے باوجود ثاقب قدم رہنے پر پارٹی رہنمائوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہمارے پیش نظر اپنی ذات نہیں بلکہ ملک و قوم کے مفادات زیادہ اہم ہیں ، ہم نے پہلے بھی ڈلیور کیا ہے ، ملک کو چیلنجز اور مشکلات سے نجات دلائی ہے ان شا اللہ اب بھی اپنی بھرپور کاوشیں کریں گے، ہم نیک نیتی سے محنت کریں گے اور خدا کی ذات اپنا فضل و کرم کرے گی ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں