صائمہ بلڈر کے پروجیکٹ مڈ ٹاؤن میں بڑے پیمانے پر جعلسازیاں
شیئر کریں
(خصوصی رپورٹ) صائمہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے پروجیکٹ مڈ ٹاؤن کی زمین میں بڑے پیمانے پر جعلسازی کا انکشاف، محکمہ ریونیو کی ملی بھگت سے زمین کی غیرقانونی منتقلی کی گئی، تپہ اوتھل بٹھ، تپہ ببر بند میں سروے نمبرز 384،390،391،392 اور 393 کو تین افراد کے نام منتقل کیا گیا، 2005 میں زمین ولی داد سے محبوب شکور کو منتقل ہوئی، وہی زمین 2016 میں ولی داد سے شاہد درانی کو منتقل ہوئی، شاہد درانی نے سابق پولیس افسر واجد درانی کے بیٹے عمیر درانی کو پاؤر آف اٹارنی دیا، زمین کا ریکارڈ مشکوک ہونے کے بعد لوگوں کی جمع پونجی داؤ پر لگ گئی، بروکرز کے لوگوں کو جھانسے ، تفصیلات کے مطابق صائمہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کی اسکیم مڈ ٹاؤن کی زمین پر بڑے پیمانے پر جعلسازی کا انکشاف ہوا ہے ، ذرائع کے مطابق محکمہ ریونیو ضلع جامشورو کے افسران نے جعلسازی کے ذریعے زمین کے کھاتے رکھ کر کروڑوں روپے وصول کیے ، صائمہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز نے ایم نائن موٹروے پر سری انٹر چینج پر مڈ ٹاؤن نامی ہائوسنگ اسکیم کا آغاز کیا ہے ، مذکورہ اسکیم کیلئے 108 ایکڑ زمین لی گئی، روزنامہ جرأت کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق 108ایکڑ زمین تپہ اوتھل بٹھ، تپہ ببر بند تحصیل تھانہ بولا خان میں سروے نمبرز 384،390،391 392 اور 393 پر مشتمل ہے ، مذکورہ زمین کے سروے نمبرز کو 2005 میں ولی داد نامی شخص سے محبوب شکور نامی شخص کو منتقل کیے گئے جبکہ ولی داد کے کھاتے 1987ء کے دکھائے گئے ہیں ، حیرت انگیز طور پر مذکورہ سروے نمبرز 2016میں ولی داد سے واجد درانی نامی شخص کو منتقل ہوئے اور واجد درانی نے کھاتوں کا پاؤر آف اٹارنی اپنے بیٹے عمیر درانی کو دیا، شاہد درانی نے مذکورہ سروے نمبرز سے پرانے سروے نمبر 1554 کی 33 ایکڑ زمین اپنے بھائی سابق پولیس افسر واجد درانی کو گفٹ بھی کی، زمین درانی نے واحد عبدالقادر نامی شخص کو دی جس پر ذیشان ذکی نے صائمہ مڈ ٹاؤن نامی اسکیم کا آغاز کیا، ذرائع کے مطابق مختیار کار تھانہ بولا خان ممتاز ٹالپر نے بھاری رقم کے عوض کھاتوں میں ہیراپھیری کرکے زمین صائمہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کو دی، صائمہ مڈ ٹاؤن میں بڑے پیمانے پر جعلسازی کے بعد لوگوں کی جمع پونجی ڈوبنے کے خدشے نے جنم لیا ہے ، دوسری جانب صائمہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز نے بھاری کمیشن کے عوض بروکرز میدان میں اتار دیے ہیں جو لوگوں کو دھوکا دینے میں مصروف ہیں، واضح رہے کہ صائمہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے ذیشان سلیم ذکی و دیگر افراد کے خلاف مذکورہ اسکیم میں لوگوں کی زمینوں پر قبضوں کے خلاف عدالتوں میں درخواستیں بھی دائر ہیں اور کوڈہیری نامی جبل کو کاٹنے اورمقامی لوگوں کی زمینوں پر قبضوں کے خلاف مقامی سطح پر مزاحمت نے جنم لے لیا ہے جس سے نقض امن کا خطرہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔ (اس کی تفصیلات بعد میںشامل اشاعت کی جائیں گی)۔