سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن کے فیصلے کا بغور جائزہ لے رہے ہیں،فوادچودھری
شیئر کریں
وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے ٹوئٹ کیا ہے کہ سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن کے فیصلے کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔ وزیر اعظم کی پالیسی بالکل واضع ہے ہم ہر ایسے اقدام کے خلاف ہوں گے جس سے عام آدمی کی معیشت شدید متاثر ہو ۔۔ چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ این سی او سی اور سندہ حکومت اس ضمن میں ایک ایسا لائحہ عمل مرتب کریں کہ عام آدمی کا روزگا اور کاروبار کم سے کم متاثر ہو۔علاوہ ازیںک افغان یوتھ فورم کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستانی قیادت افغانستان میں امن کی خواہاں ہے، افغانستان کے بارے میں ہماری پالیسی واضح ہے، ہم افغانستان میں کسی ایک گروپ کی حمایت یا اسے مضبوط نہیں کر رہے بلکہ ایک ایسا ماحول تشکیل دینے کی کوشش کر رہے ہیں جس میں افغانستان کے تمام گروپس آپس میں مل بیٹھ کر متفقہ حکومت تشکیل دے سکیں، ہم خطے میں اقتصادی و تجارتی روابط کو فروغ دینا چاہتے ہیں، وسطی ایشیائی ریاستوں تک رسائی کا انحصار مستحکم افغانستان پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت افغانستان میں کوئی ایسا گروپ اس پوزیشن میں نہیں جو پورے افغانستان پر حکومت کر سکے، اگر ایک گروپ کابل پر قبضہ کرتا ہے اور تو دوسرا اس میں رکاوٹ ڈالتا ہے تو ایسی صورت میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن کیلئے جو کر سکتے ہیں، کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ ایک مشکل کام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سپر پاورز اپنی کارروائی کر کے چلی جاتی ہیں اور نتائج ہمیں بھگتنا پڑتے ہیں، پاکستان اور افغانستان نے سپر پاورز کی کارروائیوں کے نتائج بھگتے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہم افغانستان کے لئے ایک مضبوط مستقبل تشکیل دینے کی کوشش کر رہے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ اس خطے کا مضبوط معاشی مستقبل ایک مستحکم اور پرامن افغانستان پر منحصر ہے، ہماری تمام کوششیں اس جانب گامزن ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی مستقبل کی معیشت مستحکم افغانستان کے گرد گھومتی ہے، ہم وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ مضبوط مواصلاتی روابط کے خواہاں ہیں، اسی مقصد کے لئے وزیراعظم عمران خان نے ازبکستان کا دورہ کیا۔