سندھ کی جیلوں میں جلدی امراض کی وباء پھوٹ پڑی
شیئر کریں
سندھ کی جیلوں میں جلدی امراض کی وباء پھوٹ پڑی
بیمار قیدی، تندرست قیدیوں کے ساتھ بند، ہزاروں قیدیوں کے متاثر ہونے کا خدشہ
جیلوں میں تعینات ڈاکٹرز قیدیوں کو باہر سے ادویات منگانے کا مشورہ دیتے ہیں، ذرائع
(رپورٹ/سید مظفر حسین عسکری) کراچی سمیت سندھ بھر کی جیلوں میں جلدی امراض کی وباء پھوٹ گئی۔ سینکڑوں قیدی بیمار۔ جیل اسپتالوں میں ادویات کا فقدان۔ اس ضمن میں جیل ذرائع نے جرأت کو بتایا کہ گزشتہ کئی ماہ سے کراچی سمیت سندھ بھر کے جیلوں میں جن میں کراچی سینٹرل جیل، ڈسٹرکٹ جیل ملیر، خواتین وومین جیل،حیدرآباد سینٹرل جیل،نارا جیل، سینٹرل جیل سکھر، ایک اور دو لاڑکانہ ڈسٹرکٹ جیل، بدین جیل، اور دادو ڈسٹرکٹ جیل کے نام قابل ذکر ہیں سینکڑوں قیدی جلدی امراض میںمبتلا ہوکر بیمار پڑے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جیلوں میں قائم اسپتالوں میں جلدی امراج کی ادویات کا سخت فقدان ہے جبکہ جیلوں میں تعینات ڈاکٹرز قیدیوں کو باہر سے ادویات منگانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جلدی امراض میں مبتلا قیدیوں کی اکثریت غریب اور لاوارث ہے اور وہ باہر سے ادویات منگوانے سے قاصر ہیں۔جبکہ جیل حکام نے مذکورہ بیمار قیدیوں کو تندرست قیدیوں کے ساتھ ہی بیرکوں میںبند رکھا ہوا ہے اور انہیں دوسری جگہ منتقل نہیں کیا جارہا جبکہ بیمار قیدیوں کی وجہ سے دیگر صحت مند قیدیوں کے بھی جلدی امراض میں مبتلا ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے اور قیدیوں کے احتجاج کے باوجود جیل حکام بیمار قیدیوں کو مخصوص بیرک میں منتقل نہیں کررہے ہیں۔ذرائع کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر کی جیلوں میںگنجائش سے دو گنا زیادہ قیدی موجود ہیںاور اس بات کا اندیشہ ہے کہ اگر جلدی مرض پر قابو نہ پایا گیا تو ہزاروں قیدیوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ جبکہ دوسری جانب محکمہ صحت نے رابطہ کرنے پر بتایا ہے کہ صوبائی وزیر صحت نے جیلوں میں پھیلنے والی جلدی امراض کی وبا پر نوٹس لیتے ہوئے کراچی سمیت سندھ کی جیلوں میں جلدی امراض پر قابو پانے کے لئے ادویات کی فراہمی کے احکامات بھی جاری کئے ہیں۔