ن لیگ کے کسی شخص کیخلاف کوئی کرپشن کا کیس نہیں ،شاہدخاقان عباسی
شیئر کریں
مسلم لیگ (ن)کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے کسی ایک شخص کے خلاف کوئی کرپشن کا کیس نہیں ، ہم نے پانچ سال حکومت کی ہے، کوئی ایک کرپشن کا کیس نہیں ۔میرا کھلا چیلنج ہے ٹی وی کیمرے لگا کر ہم سے تفتیش کریں اور عوام کودکھائیں، کدھر ہے کرپشن۔ میاں محمد نواز شریف عدالت کی اجازت سے علاج کروانے بیرون ملک گئے، یہ ان کا اورعدالت کا معاملہ ہے اوراس میں نہ عمران خان کچھ کرسکتا ہے اورنہ شہزاداکبر کچھ کرسکتا ہے۔ نوازشریف کا لندن میں علاج ہورہا ہے اور وہاں پر کورونا ہے ،نواز شریف کا علاج مکمل ہو گا توواپس آجائیںگے۔میں1993سے سن رہا ہوں نوازشریف کی سیاست ختم ہو گئی ، یہ مائنس ون سیاست ہے ہماری، وہ مائنس ون والے بھی ختم ہو گئے، سیاست سے مائنس کرنا عوام کا کام ہے۔ ان خیالات کااظہار شاہد خاقان عباسی نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی لگے 43سال ہو گئے ہیں،آج انہیںپھانسی لگانے والے بھی ختم ہو گئے اوران کا نام لینے والا کوئی نہیں تاہم ذوالفقار علی بھٹو کا نام آج بھی زندہ ہے، میں ان کی سیاست کو پسند کروں یا نہ کروں لیکن آج بھی ووٹ ذوالفقار علی بھٹوکے نام پر پڑتا ہے اوراس کی سوچ پر پڑتا ہے، یہ صرف عوام ہیں جو آپ کو سیاست سے الگ کرسکتے ہیں۔فواد چوہدری پوری زندگی کوشش کرلیں وہ ایک حلقے سے باہر نہیں نکل سکتے اوروہ بھی ان کو جتوانا پڑتا ہے،آج جب مریم نواز شریف کسی جگہ جاتی ہیں تو چند گھنٹوں کے نوٹس پر 20،25ہزار کا مجمع اکٹھا ہوجاتا ہے۔