میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ویٹی کن کی منشیات فروشوں کی حمایت....فلپائنی صدر نے پادریوں کو منافق قراردے دیا

ویٹی کن کی منشیات فروشوں کی حمایت....فلپائنی صدر نے پادریوں کو منافق قراردے دیا

منتظم
منگل, ۳۱ جنوری ۲۰۱۷

شیئر کریں

ویٹی کن میںمرنے والے منشیات فروشوں کی یاد میں تصویری نمائش ، فلپائنی صدرڈیوٹرٹ برہم ہوگئے
ویٹی کن نے منشیات کے خلاف جنگ میں کوئی مدد نہیں کی، نہ ہی اس غیر قانونی کاروبار کو روکنے کی کوئی کوشش کی
چرچ صرف سونا اور دولت کے انبار جمع کرنے پر یقین رکھتاہے لیکن آج تک اس نے انسانوں کو کچھ نہیں دیا،ڈیوٹرٹ
اگر الزامات غلط ثابت ہوئے تو استعفیٰ دے دوں گا” منافقت “کے نام سے چرچ کے بارے میں کتاب لکھنے کا اعلان
ایچ اے نقوی
فلپائن میں منشیات فروشوں کے خلاف مہم کے دوران مارے جانے والے منشیات فروشوں کی یاد منانے کے لیے ویٹی کن کی جانب سے تصاویر کی ایک نمائش کے انعقاد نے فلپائن کے صدرڈیوٹرٹ کو برہم کردیا اور انھوں نے کھلے عام چرچ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انھیں گندگی کے ڈھیر قرار دیاہے۔دی مائنڈ ان لیشڈ ڈاٹ کام کی رپورٹ میں انکشاف کیاگیا ہے کہ فلپائن کے صدر ڈیوٹرٹ نے کہا کہ تم پادری لوگ مجھ پر ہزاروں منشیات فروشوں کے قتل کاالزام عائد کرتے ہو یہاں تک کہ جو لوگ ہسپتالوں میں مرے ہیں ،ان کا قاتل بھی مجھے گردانتے ہو ،تم مجھ پر الزام لگاتے ہو لیکن حقیقت یہ ہے کہ تم ہی ہو جس نے حضرت عیسیٰ کو قتل کیا تم لوگ حضرت عیسیٰ کے قاتل ہو۔
فلپائن کے صدرڈیوٹرٹ نے کہا کہ ویٹی کن نے منشیات کے خلاف جنگ میں کوئی مدد نہیں کی، ویٹی کن نے منشیات کے غیر قانونی کاروبار کو روکنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔انھوں نے کہا کہ چرچ بھاری رقوم جمع کرتاہے لیکن آج تک اس نے کسی کو کچھ نہیں دیا،انھوں نے کہا کہ میرا بیان بہت تلخ ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ان پادریوں نے مجھ پر تنقید کی ہے،یہ منافق لوگ ہیں۔
فلپائن کے صدرڈیوٹرٹ نے کہا کہ میں خدا اور اللہ پر تو یقین رکھتاہوں لیکن منظم مذہب پر یقین نہیں رکھتا۔اور جہاں تک ویٹی کن کے مذہب کاتعلق ہے تو وہ صرف سونا اور دولت کے انبار جمع کرنے پر یقین رکھتاہے ،وہ لوگوں کو، مذہب کو ماننے والوں کو صرف یہ بتاتے ہیں کہ اگر تم گناہ کروگے تو جہنم میں جاﺅ گے، لیکن جب یہ خود مرویں گے توانہیں معلوم ہوگا کہ جہنم تو صرف ان کے لیے بنائی گئی ہے۔ انھوں نے پادریوں کو مذہب کے بارے میں بات کرتے ہوئے محتاط رویہ اختیار کرنے کی تلقین کی۔انھوں نے کہا کہ ان لوگوں نے انسانوں کے لیے کچھ نہیں کیا، انھوں نے پادریوں سے سوال کیا کہ تمہارا اللہ کہاں اور اس کی رحمت کہاں ہے؟تمہارے پاس تو صرف منافقت ہے۔
فلپائن کے صدرڈیوٹرٹ نے کہا کہ میں کیتھولک چرچ کو چیلنج کرتاہوں۔ انھوں نے کہا تم لوگ گندگی کاڈھیر ہو، تم بدبودار لوگ ہو ،تم کرپشن میں لتھڑے ہوئے ہو۔ انھوں نے سوال کیا کہ کیا تمہیں اپنے کرتوتوں پر شرم نہیں آتی، انھوں نے کہا کہ یہ لوگ عیاشیاں کررہے ہیں اور بعض لوگوں کے پاس کھانے کو روٹی تک نہیںہے۔
فلپائن کے صدرڈیوٹرٹ نے کیتھولک ازم کو تنگ دلی اور گندگی کے ڈھیر سے تشبیہ دی، انھوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ میں تمہیں تمہاری تاریخ بتاﺅں،انہوں نے دعوی کیا کہ پوپ لیو جنگلی جانور تھے ،انھوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ پوپ لیو نے بچے کے ساتھ بد فعلی کی۔انھوں نے کہا کہ بدفعلی کے حوالے سے بیان پر تو بحث ہوسکتی ہے لیکن آپ اس بارے میں کیا کہیں گے کہ نیشنل کیتھولک رپورٹر کے مطابق ویٹی کن پادریوں اور مذہبی رہنماﺅں کی جانب سے جنسی زیادتی کے شکار ہونے والے لوگوں کو 4بلین ڈالر سے زیادہ رقم بطور ہرجانہ ادا کرچکاہے۔ انھوں نے کہا کہ بالفاظ دیگر یہ تو ہوسکتاہے کہ یہ ثابت کرنا مشکل ہو کہ پوپ لیو اغلام باز تھے لیکن یہ بات تو سب کو معلوم ہے کہ ویٹی کن کو خود ہم جنس پرستی اور جنسی زیادتیوں کی شکایتوںکاسامناہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال کے اوائل میں فلپائن کے صدرڈیوٹرٹ پوپ فرانسس کو خنزیر کابچہ کہنے پر ان سے معافی مانگنے کے لیے ویٹی کن جانے والے تھے لیکن اب انھوںنے اپنا ویٹی کن کا دورہ منسوخ کردیاہے۔
فلپائن کے صدرڈیوٹرٹ کے بارے میں یہ مشہور ہے کہ وہ اپنے دل کی بات زبان پر لانے سے گریز نہیں کرتے اورجو بات ان کے ذہن میں آجائے اس کابرملا اظہار کردیتے ہیں،گزشتہ ہفتے انھوں نے دھمکی دی تھی کہ اگر وہ امریکا گئے تو اقوام متحدہ کو آگ لگادیں گے۔انھوں نے اقوام متحدہ کے ایک اعلیٰ افسرزید راز الحسین کو بے وقوف اور احمق کہاتھا۔انھوں نے کہا تھا کہ زید یا تو مسخرے ہیں یا جنونی ہیں۔انھوں نے کہاتھا کہ تم اقوام متحدہ کے افسران وہاں بیٹھے ہو لیکن تمہاری تنخواہیں ہم ادا کرتے ہیں،تم احمقو ہمیں یہ نہ بتاﺅ کہ ہمیں کیاکرنا چاہئے، تمہیں اس کا حق کس نے دیا ہے۔ برائے مہربانی اپنی زبان بند رکھو کیونکہ تمہارا دماغ کام نہیں کررہاہے۔دوبارہ اسکول میں داخلہ لے لو۔تمہیں سفارتکاری کی الف ۔ب کابھی علم نہیں ہے۔تمہیں یہ بھی نہیں معلوم کہ اقوام متحدہ کے ملازم کو کیا رویہ اختیار کرنا چاہئے۔تم لوگ خنزیر کے بچے ہو تم مجھ سے اس طرح سے بات نہیں کرسکتے۔
فلپائن کے صدرڈیوٹرٹ یوں تو اپنے دماغ کے مطابق بات کرتے ہیں اور کھلم کھلا اس کااظہار بھی کرتے ہیں ، اب امریکا سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے روس اور چین کے ساتھ صف بندی میں مصروف نظر آرہے ہیں، لیکن ویٹی کن پر سونا اور دولت جمع کرنے اور ہم جنس پرستی میں ملوث ہونے کے ان کے الزامات نے صورت حال کو بہت ہی سنگین بنادیاہے۔ ان کے اس طرح کے بیانات نے دلچسپ صورت حال پیدا کردی ہے، اس کے بعد اب سب اس بات کے منتظر ہیں کہ فلپائن کے صدرڈیوٹرٹ اب کیاکہیں گے اور ان کااگلا قدم کیا ہوگا۔
فلپائن کے صدرڈیوٹرٹ نے کیتھولک چرچ کو کرپٹ اورگندگی کاڈھیر قرار دے کر اور پادریوں پر جنسی زیادتیوں کاالزام عائد کرکے کیتھولک چرچ پر سنگین حملہ کیا ہے۔روسی ٹی وی آر ٹی کی رپورٹس کے مطابق 2015میں ماماساپانو میں ہلاک ہونے والے خصوصی ایکشن فورس کے ارکان کی فیملی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈیوٹرٹ نے اجتماع کے شرکاکو تلقین کی کہ وہ چرچ کے عہدیداروں کی حقیقت جاننے کے لیے اریز روفو کی الٹر آف سیکریٹس کا مطالعہ کریں، انھوں نے دعویٰ کیا کہ اگر میرے الزامات غلط ثابت ہوئے تو میں استعفیٰ دے دوں گا۔انھوں نے کہا کہ اب وہ خود منافقت کے نام سے چرچ کے بارے میں کتاب لکھیں گے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں