میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
دھرنے ختم نہ ہوئے تو قانون کے مطابق سڑکیں خالی کرائیں گے  کراچی پولیس چیف

دھرنے ختم نہ ہوئے تو قانون کے مطابق سڑکیں خالی کرائیں گے کراچی پولیس چیف

Author One
پیر, ۳۰ دسمبر ۲۰۲۴

شیئر کریں

کراچی: کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ شہر میں آج رات تک دھرنے ختم نہ ہوئے تو قانون کے مطابق سڑکیں خالی کرائیں گے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ احتجاج کے نام پر پورے شہر کو بند کرنا مناسب نہیں، کراچی کے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جو نہیں ہٹے گا اس کو قانون کے مطابق ہٹائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم رات تک ان سے مذاکرات کرتے رہے ہیں، مذہبی جماعت کے علما نے بھی کہا ہے کہ سڑک بند نہیں ہونی چاہیے، پورے شہر کے نظام کو احتجاج کے نام پر مفلوج کرنا ٹھیک نہیں، کراچی کے شہریوں کو ریلیف دیں گے، تین دن سے انہوں نے بہت بھگتا ہے۔

کراچی پولیس چیف نے کہا کہ کسی نے سڑک بند کرنے اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو سختی سے نمٹیں گے، ہم یہ واضع پیغام دیتے ہیں کہ ہمیں ہدایات ملی ہیں، اب تک ہم نرمی کے ساتھ بات کرتے رہے ہیں، افسران کو ہدایات دے دی ہیں اب ہم سختی کریں گے۔

واضح رہے کہ کرم کے مسئلے پر ایک گروپ سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور، جھنگ، گلگت اور مظفرآباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں مذہبی جماعت کی جانب سے دھرنے جاری ہیں۔

کراچی میں شارع فیصل، نمائش، جوہر موڑ، کامران چورنگی، ملیر 15، فائیو اسٹار چورنگی، سمیت دیگر مرکزی شاہراہوں پر جمعرات سے جاری دھرنوں کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات ہیں اور منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہو رہا ہے۔

قبل ازیں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیو ایئر پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کیخلاف اقدام قتل کا پرچہ درج کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس 38 سے زائد لوگ ہوائی فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے۔ جو ہوائی فائرنگ کرے گا شہری نشاندہی کریں ہم سرکار مدعیت میں مقدمہ کریں گے، کوشش کریں گے اس کی ضمانت نہ ہو اور لائسنس بھی منسوخ کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس میں احتساب کا ایک نظام ہے، کسی افسر یا اہلکار کو اختیارات سے تجاوز کی اجازت نہیں، جو بھی اختیارات سے تجاوز کرے گا اسے معطلی یا ملازمت سے فارغ ہونا پڑے گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں