زائد اثاثے کیس ،خواجہ آصف کا راہداری ریمانڈ منظور
شیئر کریں
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن)کے رہنما خواجہ آصف کا ایک روزکا راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے آج(جمعرات کو) لاہور میں متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ بدھ کو نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار لیگی رہنما خواجہ محمد آصف کو راہداری ریمانڈ کے لیے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا۔ نیب نے خواجہ آصف کے 2 روزہ راہداری ریمانڈ کی استدعا کی۔ خواجہ آصف کے وکیل جانگیر جدون نے کہا کہ نیب پنڈی نے تحقیقات شروع کی، گرفتار لاہور نے کرلیا،گرفتاری بنتی ہی نہیں خواجہ آصف کو رہا کیا جائے ۔خواجہ آصف نے عدالت سے کہا کہ مجھے وارنٹس گرفتاری کی کاپی دی جائے اور گرفتاری کی وجوہات بھی دستخط شدہ فراہم کی جائیں جس پر جج احتساب عدالت نے نیب کو ہدایت کی کہ انہیں گرائونڈ آف اریسٹ دے دیں۔ وکیل جہانگیر جدون نے کہا کہ خواجہ آصف کا راہداری ریمانڈ نہ دیں ، انکوائری راولپنڈی میں شروع کرکے بدنیتی سے لاہور کیس منتقل کیا گیا۔عدالت نے خواجہ آصف کا راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے آج( جمعرات کو) متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ اس موقع پر لیگی رہنما احسن اقبال ، مریم اورنگزیب، رانا ثنااللہ سمیت دیگر رہنما بھی عدالت میں موجود تھے ۔