حیدرآباد،میونسپل کمشنر فاخر شاکر کے خلاف تحقیقات آگے نہ بڑھ سکیں
شیئر کریں
بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد ،میونسپل کمشنر فاخر شاکر و دیگر کے خلاف تحقیقات آگے نہ بڑھ سکیں، حیدرآباد کی اہم سیاسی شخصیت کی میونسپل کمشنر کو پشت پناہی، میونسپل کمشنر فاخر شاکر نے کرپشن کا بازار گرم کردیا، محکمہ بلدیات نے فاخر شاکر و دیگر کے خلاف سنگین الزامات میں تحقیقات کا آغاز کیا تھا، تفصیلات کے مطابق بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد میں کرپشن کو روکنا لوکل گورنمنٹ کے لیے چیلنج بن گیا ہے، ملنے والے دستاویزات کے مطابق محکمہ بلدیات نے حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے میونسپل کمشنر فاخر شاکر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ محمد اکرم راجپوت کی کرپشن کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے 20 اکتوبر کو محکمے کی جانب سے مذکورہ افسران کے خلاف تحقیقات شروع کرتے ہوئے ایک انکوائری افسر مقرر کیا تھا جس نے مذکورہ افسران کو لیٹر جاری کرکے میونسپل کمشنر فاخر شاکر اور محمد اکرم راجپوت کا سروس ریکارڈ، ان کے تعیناتی کے دور کے ترقیاتی کاموں کے تفصیل، اربوں روپے مالیت کی زمینوں، پلاٹوں کی لیز ریکارڈ، ایچ ایم سی کی کل زمین اور باقی املاک کے تفصیل، ان افسران کے دور کی بینک اسٹیٹمنٹ، ضلعی آکٹرا فنڈ کے اخراجات کی تفصیل طلب کی تھی، تاہم ایک ماہ سے زائد عرصہ گذرنے کے باوجود تحقیقات آگے نہ بڑھ سکیں ہیں، ذرائع کے مطابق میونسپل کمشنر فاخر شاکر کو حیدرآباد کی ایک سیاسی شخصیت کی پشت پناہی حاصل ہے اور فاخر شاکر کی تعیناتی کے بعد کرپشن کا بازار گرم ہوگیا ہے، پارکنگ سمیت دیگر مد میں لاکھوں روپے کی وصولی کی جا رہی ہے اور تمام کام میونسپل کمشنر اپنے مبینہ فرنٹ مین وہاب راجپوت کے ذریعے جاری رکھے ہوئے ہیں۔