بلدیاتی اداروں میں کرپشن ،مافیا کے خلا ف شکنجہ سخت
شیئر کریں
محکمہ بلدیات سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں میں کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم کرنے والے کرپٹ مافیا کے خلا ف شکنجہ سخت کرتے ہوئے بدعنوانیوں میں ملوث افسران کو ملازمتوں سے برطرف کرنے کی تیاری کرلی ہے اور اس سلسلے میں کرپٹ افسران کے خلاف کارروائی کے لیے سفارشات تیارکی جارہی ہیں۔ذرائع کے مطابق سندھ حکومت محکمہ لوکل گورنمنٹ بورڈ نے بلدیہ شرقی میں اشتہاری سائٹس، اسٹیمرز، بینرز، برج پینل،مونگ پبلسٹی ودیگر مواد کے ذریعے حکومتی خزانے کو بھاری مالی نقصان پہنچانے میں مبینہ ملوث بلدیہ شرقی کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ وقاص سومرو،اسسٹنٹ فضل عباس اور کلرک اخلاق احمد کے خلاف تحقیقات کے بعد چارج شیٹ جاری کر دی ہے ۔کرپشن اور بدعنوانی کی تحقیقات کے بعد ملازمین کی نوکریوں سے برطرفی سمیت دیگر سزائیں دینے کے لیے سفارشات اعلی حکام کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مذکورہ تینوں ملازمین سمیت میونسپل کمشنر وسیم سومرو اور ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ جاوید کلہوڑ کو سندھ حکومت نے مبینہ کرپشن اور بدعنوانی کے سنگین الزامات پر معطل کر دیا تھا۔ذرائع نے بتایاکہ افسران کی معطلی کے بعد کی جانے والی تحقیقات میں لوکل گورنمنٹ بورڈ کو مذکورہ افسران کے خلاف مزید کرپشن کے اہم ثبوت ملے ہیں جس کے بعد اسٹیمر بینرز کنگ فضل عباس، وقاص سومرو اور اخلاق احمدکے خلاف لوکل گورنمنٹ بورڈ نے چارج شیٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ افسران نے غیر قانونی اسٹیمرز کے ذریعے یومیہ بنیاد پر حکومتی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا،غیر قانونی برج پینل کے ذریعے لاکھوں روپے کی وصولی کی گئی، پورے بلدیہ شرقی میں عدالتی احکام کے خلاف آئرن اسٹرکچر کی ہورڈنگز سائٹس لگائی گئیں جبکہ پیسٹنگ سائٹس کے لیے بھاری نذرانے وصول کیے گئے ۔ڈی ایم سی ایسٹ کے افسران و ملازمین کی دونوں ہاتھوں سے کی جانے والی مبینہ لوٹ مار پرسندھ حکومت نے مذکورہ افسران کے خلاف بڑی کارروائی کا فیصلہ کر لیاہے اور اس سلسلے میںبلدیاتی اداروں کو کرپٹ افسران وملازمین سے نجات دلانے کے لیے ان کی ملازمتوں سے برطرفی کی سفارشات تیارکی جا رہی ہیں، موجودہ صورتحال پربلدیاتی اداروں میں تعینات کرپٹ مافیا میں زبردست کھلبلی مچ گئی ہے جبکہ غیر سیاسی اور ایماندار افسران نے لوکل گورنمنٹ بورڈ کی کارروائیوں کو احسن اقدام قرار دیا ہے ۔