میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
قطری شہزادہ لاہور پہنچ گیا، نواز شریف سے اہم ملاقات، سرکاری پروٹوکول دیا گیا

قطری شہزادہ لاہور پہنچ گیا، نواز شریف سے اہم ملاقات، سرکاری پروٹوکول دیا گیا

ویب ڈیسک
جمعرات, ۳۰ نومبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

لاہور(بیورورپورٹ)جاتی امراء میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور قطری شہزادہ حمد بن جاسم کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہزادہ حمد بن جاسم کی قیادت میں قطر کا 13 رکنی وفد خصوصی پرواز کے ذریعے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچا جہاں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے خود ان کا استقبال کیا۔ وفد کو لاہور پہنچنے پر سرکاری پروٹوکول دیا گیا۔ جاتی امراء میں نواز شریف اور قطری شہزادے حمد بن جاسم کے درمیان ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر حمزہ شہباز، مریم نواز، پرویز رشید، مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنما اور سابق چئیرمین نیب سیف الرحمن بھی شریک ہوئے۔ قطری وفد کی آمد کے نتیجے میں ملک میں جاری سیاسی انتشار اور پاناما لیکس سے متعلق جاری مقدمات کے حوالے سے اہم پیش رفت ممکن ہے۔ وفد تین سے چار روز تک پاکستان میں قیام کرے گا، تاہم کچھ ارکان کل صبح واپس اپنے ملک روانہ ہوجائیں گے۔ وفد کے کچھ ارکان کو مال روڈ کے ہوٹل اور باقی کو نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امراء میں ٹھہرایا جائے گا۔قطری وفد کو 12 گاڑیوں میں انتہائی سخت سیکورٹی میں لاہور ائرپورٹ کے حج ٹرمینل سے روانہ کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ قطری وفد کے جمعے کو پاکستان آنے کی اطلاع تھی لیکن وہ دو روز پہلے ہی پہنچ گیا۔ اس سے قبل 3 دسمبر 2016 کو بھی شہزادہ جاسم سمیت شاہی خاندان کے 12 افراد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں پاناما لیکس کیس میں نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کی طرف سے جو دستاویزات جمع کروائی گئی تھیں ان میں لندن فلیٹس کے بارے میں قطری شہزادے کا خط بھی شامل تھا۔ خط میں کہا گیا تھا کہ نواز شریف کے والد میاں شریف نے 1980 میں قطر میں ایک کروڑ بیس لاکھ قطری ریال کی سرمایہ کاری کی تھی۔ شہزادہ جاسم کے ذمے میاں شریف کے 80 لاکھ امریکی ڈالر واجب الادا تھے جو 2005 میں نیلسن اور نیکسول کمپنیوں میں شیئر کی صورت میں ادا کیے گئے۔سابق وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف سے پنجاب میں ایل این جی منصوبے سمیت اہم امور پر مشاورت کے لیے قطری شہزادہ حمد بن جاسم 13رکنی وفد کے ساتھ 3گھنٹوں کے لیے طوفانی ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچا تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز قطر کا 13رکنی وفد شہزادہ حماد بن جاسم کے ساتھ خصوصی ائیر بس کے ذریعے قطر سے صوبائی دارلحکومت لاہور پہنچا جو کہ اسٹیٹ پروٹوکول کے ساتھ سیدھا جاتی امرا رائیونڈ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے رہائش گاہ پرگیا اور وہاں پر شہزادہ بن جاسم اور قطری سرمایہ کاروں سمیت سابق چیئرمین احتساب بیورو سیف الرحمان نے نواز شریف کے ساتھ ڈیڑھ گھنٹے تک ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور کاروباری معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ نواز شریف کی جانب سے شہزادہ بن جاسم اور ان کے ہمراہ 13رکنی وفد کو ظہرانہ بھی پیش کیا گیا جس کے بعد شہزادہ حماد بن جاسم اور ان کے ہمراہ سرمایہ کاروں کو نواز شریف خود گاڑی ڈرائیو کرکے ماڈل ٹان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی رہائش گاہ پر لے گئے جہاں پر قطری وفد نے شہباز شریف سے آدھا گھنٹے تک ملاقات کی جس میں پنجاب میں ایل این جی کے منصوبے پر بات چیت ہوئی قطری وفد نے شہباز شریف کے صوبے میں انقلابی اقدامات کو سراہا۔ اس موقع پر شہزادہ حماد بن جاسم کا کہناتھا کہ پاکستان میں قطری سرمایہ کاری نواز شریف کی مثر پالیسیوں کا نتیجہ ہے کیونکہ قطر کو نواز شریف اور ان کی حکومت پر اعتماد ہے اور ن لیگ ملکی مفاد میں بہتر فیصلے کرتی ہے اس لیے قطری سرمایہ کاری نے پاکستان کا رخ کیا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں