حفاظتی ضمانت منظور بشریٰ بی بی کو کسی بھی مقدمے میں گرفتارنہ کرنے کا حکم
شیئر کریں
پشاور ہائی کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصا ف کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے 14 روز تک کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس شکیل احمد اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے بشری بی بی کی جانب سے مقدمات کی تفصیل کے لئے دائر درخواست پر سماعت کی ، سینئر قانون دان قاضی انور ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ایڈووکیٹ جنرل اور بشریٰ بی بی بھی عدالت میں موجود رہے ۔وکیل بشریٰ بی بی نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کے خلاف چاروں صوبوں میں مقدمات درج ہیں، مقدمات معلوم نہیں، تفصیل فراہم کرکے گرفتار نہ کیا جائے ۔جسٹس شکیل احمد نے ریمارکس دیئے کہ میرا خیال ہے خیبرپختونخوا میں کوئی مقدمہ نہیں ہوگا، جس پر وکیل بشریٰ بی بی نے کہا کہ جی خیبرپختونخوا میں نہیں، اس لئے یہاں آئی ہیں۔جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے کہا کہ اگر یہاں کوئی کیس نہیں تو کیا ہم حفاظتی ضمانت دے سکتے ہیں، جس پر وکیل بشریٰ بی بی نے موقف اپنایا کہ قانون اور آئین ہر شہری کو تحفظ کا یقین دلاتا ہے ، پشاور ہائی کورٹ نے پنجاب ، سندھ اور بلوچستان کے لوگوں کو حفاظتی ضمانت دی ہے ۔بعد ازاں، عدالت نے نیب، ایف آئی اے سمیت تمام اداروں سے مقدمات کی تفصیل طلب کرلیں اور 14 روز تک بشری بی بی کو کسی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔