محکمہ اطلاعات کا کمیشن مافیا ،یوسف کابورو پر مشتمل کمیٹی نے کمر کس لی
شیئر کریں
محکمہ اطلاعات سندھ میں بدنام زمانہ کمیشن مافیا نے گورکھ دھندہ برقرار رکھنے کے لیے نیا پلان تیار کرلیا، ڈائریکٹر اشتہارات نے اخبارات کے دفاتر کے دورے کرنے کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔ روزنامہ جرآت کو موصول معلومات کے مطابق ڈائریکٹر اشتہارات محمد یوسف کابورو نے کمیشن مافیا میں شامل افسران پر مشتمل تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، جوکہ اخبارات کے دفاتر کے دورے کریں گے، مذکورہ کمیٹی میں ان ہی افسران کو ممبران طور پر شامل کیا گیا ہے جوکہ اشتہاری ایجنسیوں، اخبارات اور ٹی وی چینل سے اشتہارات پر کمیشن کے عوض بھاری رقم بٹورتے ہیں، کمیٹی میں ڈپٹی ڈائریکٹر بلنگ و ریکوری غلام سرور سمیجو، ڈپٹی ڈائریکٹر اشتہارات سارنگ چانڈیو شامل ہیں جبکہ ایک انفارمیشن افسر کو بھی کمیٹی میں ممبر کے طور پر شامل کیا گیا ہے، محکمہ اطلاعات کے ذرائع کے مطابق اخبارات کے دفاتر کے دورے کی آڑ میں تشکیل دی گئی کمیٹی کا اصل مقصد اخبارات کے مالکان پر مزید دباؤ ڈال کر کمیشن بڑھانا ہے، محکمہ اطلاعات سے بڑے پیمانے پر ان ڈمی اخبارات کو اشتہارات جاری کیے جاتے ہیں جن کے نہ تو دفاتر ہیں اور نہ ہی کوئی ڈیسک ٹیم ہے، کمیشن مافیا کے تعاون سے چلنے والی ڈمی اخبارات کے مالکان میں محکمہ اطلاعات کے کچھ افسران بھی شامل ہیں۔