ملک بھر میں ٹیکسز کیخلاف تاجروں کی دوسرے روز شٹرڈائون ہڑتال
شیئر کریں
ملک کے مختلف شہروں میں تاجروں کی دوسرے روز بھی شٹرڈائون ہڑتال جاری رہی تاہم بعض علاقوں میں بازار کھلے رہے اور کاروبار معمول کے مطابق جاری رہا ۔کراچی، کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں تاجر تنظیموں کی ہڑتال کے باعث تمام چھوٹے بڑے بازار اور تجارتی مراکز بند رہے ۔ ہڑتال کے باعث صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔ مسلسل دوسرے روز ہڑتال سے اشیائے خور و نوش کی طلب و رسد متاثر ہونے لگی جبکہ تازہ سبزی، پھل، مرغی اور مچھلی کی قلت بھی پیدا ہو نے لگی ۔راولپنڈی کے راجہ بازار، گندم منڈی، گنج منڈی، فروٹ منڈی، مرغی منڈی، مچھلی منڈی میں سناٹے کا راج رہا ۔ مری روڈ، مال روڈ، بینک روڈ، ٹینچ بازار، کمرشل مارکیٹ میں تمام دکانیں اور پلازے بند رہے ۔پشاور کے قصہ خوانی بازار میں تاجروں نے احتجاجی کیمپ لگایا جس میں کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد موجود ہے ۔