چھینے گئے موبائل فون اسمگل کرنیوالا گروہ پکڑا گیا
شیئر کریں
شہرقائد سے قیمتی موبائل فونز چھین کر دوسرے ممالک اسمگل کرنے والا گروہ پکڑا گیا۔پولیس نے انٹیلی جنس بنیادوں پر گلشن حدید کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کراچی سے قیمتی موبائل فونز چھین کر دوسرے ممالک اسمگل کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا ہے۔گرفتار ملزمان کے شہر کے مختلف اسٹریٹ کرمنل گروہوں سے رابطے تھے۔ ملزمان کی نشاندہی پر شہر کے مختلف علاقوں سے 70 سے زائد قیمتی اسمارٹ فونز بھی برآمد کرلیئے گئے ہیں۔پولیس نے آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کرنے والی ڈیوائس سمیت لیپ ٹاپ، سائٹ ویئر یو ایس بیز بھی تحویل میں لے لی ہیں۔ گرفتار گروہ کا ماسٹرمائنڈ حسن عبداللہ کی نشاندہی پر گروہ کے دیگر ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ملزم عبداللہ چھینے گئے موبائل فون کا آئی ایم ایی آئی نمبر تبدیل کرنے کا ماہر تھا۔ گروہ کا سرغنہ جہانگیر بدر تبدیل کیئے گئے نمبرز والے فونز نیٹ ورک کے ذریعے بنگلہ دیش اور افغانستان بھجواتا تھا۔ملزم انٹرنیٹ پر خریداروں سے رابطے کرتا اور موبائل فون مہارت کیساتھ بیرون ملک بھجواتا تھا۔ گرفتار ملزم جہانگیر بدر نے تین سالوں سے کراچی میں موبائل فون چھننے کا انکشاف کیا۔ ملزمان نے چھینا جھپٹی کے دوران متعدد شہریوں کو زخمی کرنے کا بھی اعتراف کیا۔گرفتار ملزمان میں جہانگیر بدر، حسن عبداللہ، محمد عثمان، شاہ رخ قریشی اور عابد علی شامل ہیں، جن کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ضلعی آئی ٹی ٹیم کی جانب سے برآمد موبائل فونز کے تبدیل کیئے گئے آئی ایی ایم نمبر، ریکور کیئے جا رہے ہیں، جس کے بعد اصل مالکان کو مطلع کیا جائیگا۔