کراچی ،پیٹرول پمپوں پر جعلی کرنسی پھیلانے کا انکشاف
شیئر کریں
پٹرول پمپس پر کراچی کے شہریوں کوپٹرول کیساتھ جعلی کرنسی نوٹ تھمانے کا انکشاف سامنے آیا ، پولیس نے جعلی کرنسی پھیلانے والے گروہ کوگرفتارکر کے ایک لاکھ 85 ہزارروپے کی جعلی کرنسی برآمد کرلی۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں پٹرول پمپس پرشہریوں کو پٹرول کیساتھ جعلی کرنسی نوٹ تھمانے کے انکشاف پر تھانہ فیروز آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی کرنسی کا کاروبار کرنے والا گروہ کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزمان میں گروہ کاسرغنہ اسماعیل ،2ساتھی میرنواز ،محمداویس شامل ہیں اور گروہ کاسرغنہ اسماعیل کا تعلق کوہاٹ سے ہے۔دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ کراچی کے متعددپیٹرول پمپوں پرمنظم اندازسے جعلی کرنسی پھیلائی جاتی ہے، جعلی کرنسی پشاورسے بذریعہ کوریئر سروس بطورپارسل منگوائی جاتی ہے۔ملزم نے بیان میں بتایا کہ 30ہزار اصلی نوٹوں کے بدلے ایک لاکھ کے جعلی نوٹ خریدے جاتے ہیں جبکہ پیٹرول پمپس پرمیٹر میں چھیڑچھاڑکرکے پیٹرول میں بھی چوری کی جاتی ہے اور پیٹرول بھرانے کے بعد 5 ہزار کا نوٹ دینے والے شہری کو جعلی نوٹ دیا جاتا ہے۔ملزم کا کہنا تھا کہ اصل نوٹوں کے بیچ ایک ہزار روپے کا جعلی نوٹ رکھ دیتے ہیں، پیٹرول چوری اور جعلی نوٹوں میں زیادہ تر ہیڈکیشئر اور نیچے کاعملہ ملوث ہوتا ہے، سب سیزیادہ دھوکادہی اورچوری نیپا چورنگی کے قریب پیٹرول پمپ پر کی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان پٹرول پمپس پر کام کرنے والے ملازمین کے ذریعے جعلی کرنسی کا دھندہ کرتے تھے، دھوکادہی میں ملوث ملزم کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔