کراچی میں بارش حادثات میں 41افراد جان سے گئے
شیئر کریں
کراچی میں برسنے والی چھٹے اسپیل کی بارشوں نے شہر میں تباہی پھیلا دی۔ چھٹے اسپیل نے 41 افراد کی جان لے لی۔ برساتی پانی میں بہہ جانے والے 9 افراد کی تلاش تاحال جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کے ساتویں اسپیل کی پیش گوئی کردی ہے۔ شہر میں داخل ہونے والا بارشوں کا نیا سسٹم چھٹے اسپیل سے زیادہ تباہ کن ہے۔تفصیلات کے مطابق شہر کراچی میں برسنے والی چھٹے اسپیل کی بارشوں نے جو تباہی مچائی وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ شہر کہ یہ حالات حکومت اور انتظامیہ کی عدم توجہ اور مجرمانہ لاپرواہی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ایسے میں رونما ہونے والے حادثات اور واقعات نے 41 افراد کی جانیں لے لیں۔ برساتی پانی میں بہہ جانے والے 9 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔شہر میں چھٹے اسپیل کی ہونے والی بارشوں کے دوران مختلف حادثات اور واقعات میں جاں بحق افراد میں بڑی تعداد 30 سال سے زائد عمر مردوں کی ہے۔ ریسکیو اداروں کی جانب سے مردوں کی تعداد 19 بتائی گئی ہے۔ مرنے والوں میں 11 بچے، 8 نوجوان اور 3 خواتین شامل ہیں۔سب سے زیادہ ہلاکتیں ندی نالوں میں ڈوبنے اور دیواریں گرنے سے ہوئی۔ چھٹے اسپیل میں ندی نالوں میں ڈوبنے سے 12 اور دیواریں گرنے سے 10 افراد جاں بحق ہوئے۔ 4 افراد انڈر پاسز میں جمع ہونے والے پانی میں ڈوب کر جان سے گئے۔ ٹریفک حادثات میں 7 اور کرنٹ لگنے سے 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ چھت سے گر کر دو افراد نے جان گنوائی۔ 1 روڈ پر کھڑے پانی میں غوطہ لگانے سے ہلاک ہوا۔ ایک خاتون گھر میں جمع ہونے والے برساتی پانی میں ڈوب کر جان کی بازی ہار گئیں