پاکستان پوسٹل سروسز کے زیر نگرانی مضر صحت بھارتی گٹکا اسمگل کیے جانے کا انکشاف
شیئر کریں
پاکستان پوسٹل سروسز کے زیر نگرانی مضر صحت بھارتی گٹکا اسمگل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔نجی ٹی وی نے ریلوے ذرائع کے حوالے سے بتایاکہ پاکستان ریلویز نے بھارتی گٹکے کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی جو پاکستان پوسٹل سروسز کے پارسل میں موجود تھا۔مضر صحت نشہ آور بھارتی گٹکے اور چھالیہ کی بڑی کھیپ مسافر ٹرین سے برآمد ہوئی۔ پاکستان پوسٹل سروس کے پارسلز کی صورت میں نشہ آور گٹکے بلوچستان سے سندھ اسمگلنگ کیے جارہے تھے۔ذرائع کے مطابق اکبر ایکسپریس میں شامل پاکستان پوسٹل سروس کے ڈبے کی تلاشی کے دوران گٹکے اور چھالیہ برآمد ہوئی جن کی مالیت لاکھوں روپے ہے جبکہ ریلوے پولیس نے اسمگلنگ میں ملوث دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ پاکستان پوسٹل سروس کی غیر قانونی اشیا کی ترسیل میں ملوث ہونے کی تحقیقات کرائی جائے گی۔ پوسٹل سروس اپنا سامان بغیر کسی تلاشی کے مسافر ٹرین کے ذریعے پارسل کرتی رہی ہے۔