چین نے پاکستان کوفولادی دوست‘ قرار دے دیا
شیئر کریں
دوست ملک چین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چین اور پاکستان ہمہ موسمی اسٹریٹجک پارٹنر اور فولادی دوست ہیں۔سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے پر چینی نائب وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے چین کی وزارتِ خارجہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2023ء چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو اور سی پیک کی 10 ویں سالگرہ ہے۔اس حوالے سے چینی وزارتِ خارجہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ پچھلی دہائی میں بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو اور سی پیک کے نتیجہ خیز نتائج حاصل کیے، سی پیک چین اور پاکستان کی دوستی کے لیے ایک نیا معیار بن گیا ہے۔چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق پاکستانی حکومت سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں شاندار تقریب کرے گی جس میں چین کے صدر کے خصوصی نمائندے نائب وزیرِ اعظم شرکت کریں گے۔چین کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ چینی نائب وزیرِ اعظم ہی لائی فنگ دورے کے دوران پاکستانی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق امید ہے کہ نائب وزیرِ اعظم کا یہ دورہ پاک چین دوستی کی تجدید اور ماضی کی کامیابیوں کو آگے بڑھائے گا۔چینی وزارتِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ چینی نائب وزیرِ اعظم کے دورے سے سی پیک کی ترقی کو اپ گریڈ کرنے میں مدد ملے گی، اس دورے سے پاک چین تعلقات کو مضبوط اور گہرا کرنے کا موقع بھی ملے گا۔