دریائے سندھ،گڈو ،سکھر کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ
شیئر کریں
محکمہ موسمیات کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے کہا ہے کہ دریائے سندھ میں گڈواور سکھر کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔ محکمے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ دریائے سندھ میں گڈوکے مقام پر اس وقت درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔محکمہ آب پاشی سندھ کے سکھر بیراج کے انچارج کنٹرول روم عبدالعزیز سومرو کے مطابق تین بیراجوں گڈو، سکھر اور کوٹری میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گڈو بیراج کے اپ اسٹریم پر 4 لاکھ 10ہزار 886 کیوسک اور ڈان اسٹریم پر 3لاکھ 96ہزار 656 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، سکھر بیراج کے اپ اسٹریم میں 3لاکھ 60ہزار 30 کیوسک اور ڈان اسٹریم میں 3لاکھ 22ہزار 630 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ہفتہ کو کوٹری بیراج کے اپ اسٹریم پر ایک لاکھ 22ہزار 879 کیوسک اور کوٹری بیراج کے ڈان اسٹریم پر 90ہزار 794 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔چیف انجینئر سکھر بیراج سید سردار علی شاہ نے بتایا کہ تونسہ اور پنجند بیراجوں سے پانی کی آمد کے بعد سندھ کے بیراجوں میں پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے دریائے سندھ کے بندوں کے ساتھ اقدامات کیے گئے ہیں، دریائے سندھ کے پشتوں کے ساتھ تمام حصے محفوظ ہیں اور محکمہ آبپاشی کے اہلکار دریائے سندھ کے بندوں کے ساتھ گشت کر رہے ہیں۔