وزیر اعلیٰ سندھ بارش کا جائزہ لینے حیدرآباد پہنچ گئے
شیئر کریں
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ حیدرآباد اور جامشورو میں ہونے والی بارش کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے پہنچ گئے ، وزیر اعلیٰ نے واسا اور حیسکو سربراہان پر اظہار برہمی کیا۔حیدرآباد کے دورے کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو بریفنگ دیتے ہوئے ایم ڈی واسا سلیم الدین نے کہا کہ حیسکو کی جانب سے بجلی منقطع کیے جانے کے باعث بارش کے پانی کی نکاسی میں مشکلات کا سامنا ہے ، حیدرآباد میں 190 ملی میٹر بارش ہوئی ہے ۔وزیراعلیٰ نے حیسکو چیف کو فوری بجلی بحال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رین ایمرجنسی تک ایم ڈی واسا اور حیسکو چیف کمشنر آفس میں بیٹھیں گے ۔مراد علی شاہ نے واسا اور حیسکو حکام پر اظہار برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حیسکو چیف بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی بحال رکھی جائے تاکہ بارش کے پانی کی نکاسی ہوسکے ۔وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے اظہار برہمی کے بعد چھٹی پر گئے افسران کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں ڈیوٹی پر بلالیا گیا ۔