انٹرا پارٹی الیکشن نظرثانی درخواست، سپریم کورٹ فیصلے سے تحریک انصاف کو نقصان پہنچا
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق نظر ثانی درخواست کو سپریم کورٹ کے 13رکنی فل کورٹ بینچ کے سامنے مقرر کرنے کی درخواست کر دی۔تحریک انصاف کی جانب سے درخواست بیرسٹر علی ظفر نے سپریم کورٹ میں دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نظرثانی درخواست کو سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے لارجر بینچ کے سامنے سناجائے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے 13جنوری کے فیصلے سے پی ٹی آئی اور سپورٹرزکو نقصان پہنچ رہا ہے، پی ٹی آئی ارکان فیصلے کے بعد بلے کے نشان پر انتخابات لڑنے سے محروم ہوگئے تھے، کیس ووٹرز کے حقوق سے متعلق ہے جس کا آئین مکمل تحفظ دیتا ہے۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے بلے کے نشان سے متعلق 13جنوری کو فیصلہ سنایا تھا جس میں پی ٹی آئی انٹرا الیکشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پارٹی کو بلے کا نشان نا دینے کا فیصلہ دیا گیا تھا۔ تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کر رکھی ہے۔