میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آپریشن عزم استحکام ملک، عوام اور فوج کیلئے نقصان دہ ہوگا،حافظ نعیم

آپریشن عزم استحکام ملک، عوام اور فوج کیلئے نقصان دہ ہوگا،حافظ نعیم

ویب ڈیسک
اتوار, ۳۰ جون ۲۰۲۴

شیئر کریں

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ آپریشن عزم استحکام ملک، عوام اور فوج کے لیے نقصان دہ ہوگا، جماعت اسلامی کا آپریشن پر موقف واضح ہے، اسے مسترد کرتے ہیں، افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کسی صورت نہیں ہونی چاہیے، تاہم لڑائی مسئلے کا حل نہیں، پاکستان، افغانستان، چین اور ایران خطے میں امن کے لیے بات چیت کریں، چاروں ممالک اور وسط ایشیائی ریاستوں اور روس کو ملاکر خطے میں امن، ترقی، عوام کی خوشحالی کے لیے بلاک بن سکتا ہے، یہ تاثر نہیں دیا جانا چاہیے کہ چین کے کہنے پر آپریشن ہورہا ہے، چین کے افغانستان سے بہت بہتر تعلقات ہیں، افغانستان کے اندر آپریشن کے حکومتی حامی خطے کو جہنم بنانا چاہتے ہیں، افغانستان سے مذاکرات اور تعلقات میں مثبت پیش رفت کی حمایت کریں گے، جماعت اسلامی اس سلسلے میں معاونت کے لیے تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔امیر جماعت نے صحافیوں کو بتایا کہ جماعت اسلامی نے منصورہ میں جاری مشاورت کے بعد آپریشن عزم استحکام کو مسترد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جماعت اسلامی کی مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور آئی ایم ایف کے تیارکردہ بجٹ کے خلاف تحریک جاری ہے، اتوار کو بھی مشاورت جاری رہے گی اور سوموار کو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کو ادراک ہونا چاہیے کہ پاکستانیوں نے ان کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں، چند لوگوں کے کرتوتوں کی وجہ سے انہیں ان لوگوں کی حمایت نہیں کرنی چاہیے جو پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتی ہیں، پاکستان میں بھی ایسی لابیز ہیں جو پاکستان افغانستان کو لڑانا چاہتی ہیں، اس سے امریکہ اور بھارت کو خوشی ہوگی، یہی لابیز کشمیریوں کے قاتل مودی سے بھی تعلقات استوار کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دوستوں کو دشمن اور دشمن کو دوست بنانا افورڈ نہیں کرسکتا۔ امیر جماعت نے کہا کہ بجٹ آئی ایم ایف کی غلامی کا طوق ہے، یہ غلاموں کے غلاموں نے تیار کیا، جماعت اسلامی اسے مکمل طور پر مسترد کرچکی ہے اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، بجٹ میں سول فوجی بیوروکریسی، عدلیہ، اراکین اسمبلی کے لیے مراعات کا اعلان ہوا اور عوام پر ظالمانہ ٹیکسز عائد کیے گئے، ملک میں جاگیردار ٹیکس نہیں دیتے، حکومت نے چھوٹے کسانوں اور زراعت کو تباہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو پہلے ہی بتادیا تھا کہ ن لیگ، پی پی اور ایم کیو ایم میں بجٹ پر نورا کشتی ہورہی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں