ٹک ٹاکر وزیراعلیٰ احتجاج کو اپنی شان میں گستاخی سمجھتی ہے، یاسمین راشد
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے خود اعتراف کیا ہے یہ بجٹ آئی ایم ایف نے تیار کیا ہے ،فارم 47 کی پیداوار وزیراعظم کی غلامانہ سوچ قوم کے سامنے عیاں ہو چکی ہے ،موجودہ عوام دشمن بجٹ میں عوام کے لیے کوئی ریلیف نہیں ،پاکستانی عوام دن بدن غریب تر سے غریب تر ہوتے جا رہے ہیں ،موجودہ عوام دشمن بجٹ نے غریب عوام کا معاشی قتل کیا ہے ۔ انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد نے کہا کہ اس وقت 39 فیصد پاکستانی عوام غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، موجودہ امریکی غلام حکمرانوں نے اگلی چار نسلوں کو قرضوں کی زنجیروں میں جکڑ کر رکھ دیا ہے ، ایک طرف کمر توڑ مہنگائی ، عوام دشمن بجٹ ، بڑھتے ہوئے بجلی اور گیس کے بل اور دوسری طرف پنجاب کی حکومت کا ظالمانہ رویہ جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ڈاکٹروں کو ہتھکڑیاں لگائی جا رہی ہیں ،پنجاب کا کسان رُل گیا ہے اوروہ اپنی گندم کوڑیوں کو بھائو بیچنے پر مجبور ہے ، نگران حکومت سے پوچھنے کی کسی کی جرات نہیں کہ انہوں نے پچھلے سال گندم کیوں درآمد کی ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا مسلسل گلا گھونٹا جا رہا ہے ، پنجاب میں پرامن احتجاج کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنان پر دوبارہ جھوٹے کیسز بنائے جا رہے ہیں جو کہ قابل مذمت ہے ،پنجاب کی پولیس ٹک ٹاکر وزیراعلی کی ایما ء پر عالیہ حمزہ ملک اور صنم جاوید پر مسلسل ظلم ڈھا رہی ہے جس کی پاکستان میں مثال نہیں ملتی ،پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے اراکین
کو بات کرنے کی اجازت نہیں ، اپوزیشن کے 11 اراکین کی رکنیت کو معطل کر دیا گیا جو کہ قابل مذمت ہے ، ٹک ٹاکر وزیراعلی سمجھتی ہیں اپوزیشن نے احتجاج کر کے میری شان میں گستاخی کی ہے ،جمہوری رویے کے لیے بہت بڑا دل چاہیے ، مریم صفدر سمجھتی ہیں صرف میرا ہی خاندان حکمران خاندان ہے ، مریم صفدر پنجاب میں بادشاہوں کی طرح حکومت کرنے کی کوشش کر رہی ہیں،پنجاب میں پولیس گردی کے سوا کچھ نہیں ، پنجاب میں اندھیر نگری چوپٹ راج ہے ۔ انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف عدالتوں کی طرف دیکھ رہی ہے اگرپاکستان میں جمہوریت نے بچنا ہے تو ملک میں انصاف کا بول بالا ہو ،انشااللہ عدالتیں پاکستان میں جمہوریت کو بچائیں گی۔