ادارہ ترقیات، قیمتی رفاعی پلاٹ ایک بار پھر لینڈ مافیا کے شکنجے میں
شیئر کریں
نارتھ کراچی سیکٹر 5C/4میں رفاعی پلاٹ ایس ٹی 16پر خلافِ ضابطہ سرگرمیاں شروع
کے ڈی اے محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسٹمنٹ رفاعی پلاٹ مافیا سے واگزار کرنے سے گریزاں
نارتھ کراچی میں ادارہ ترقیات کراچی کا قیمتی رفاعی پلاٹ ایک بار پھر لینڈ مافیا کے شکنجے میں آگیا ،مجاہد کالونی میں بسے بسائے گھر مسمار کرنے والا محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسٹمنٹ کے ڈی اے نے رفاعی پلاٹ واگزار کرانے کے بجائے ایس ایس پی سینٹرل اور ایس ایچ او اجمیر نگری کو لیٹر لکھ کر خاموشی اختیار کرلی جبکہ دس دن گزر جانے کے باوجود علاقہ پولیس بھی خاموش تماشائی بن گئی ہے، مذکورہ ایس ٹی پر ایک سال قبل بھی قبضے کی کوشش کی گئی تھی۔ کے ڈی اے ذرائع اور علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق نارتھ کراچی سیکٹر 5C/4 میں واقع رفاعی پلاٹ ایس ٹی 16پر ایک بار پھر لینڈ مافیا نے خلاف ضابطہ سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ ایس ٹی پر غیر قانونی 7پلاٹ کاٹے جارہے ہیں ،تاہم علم میں آنے کے باوجود کے ڈی اے محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسٹمنٹ رفاعی پلاٹ مافیا سے واگزار کرنے سے گریزاں ہے۔ محکمہ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر نے علاقہ پولیس کو ایک لیٹر لکھا ہے جس میں مذکورہ ایس ٹی پر خلاف قانون سرگرمیوں و تعمیرات کی روکنے درخواست کی ہے۔ لیٹر میں ایک سال قبل بھی لکھے گئے لیٹر کا حوالہ دیا گیا ہے۔ دوسری جانب علاقہ پولیس بھی لیٹر ملنے کے بعد خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے ۔


