مارچ میں قومی اسمبلی کی 86 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے
شیئر کریں
الیکشن کمیشن آف پاکستان مارچ میں قومی اسمبلی کی 86 نشستوں پر ضمنی انتخابات کرائے گا ، اپریل میں مزید حلقوں پر ضمنی انتخابات ہونے کا امکان ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی جیتی ہوئی 7 نشستوں کا شیڈول تب ہی جاری کیا جا سکتا ہے جب وہ یہ فیصلہ کر لیں کہ وہ ان میں سے کونسی سیٹ اپنے پاس رکھیں گے۔انہوں نے وضاحت کی کہ قانون کے تحت عمران خان جن کی قومی اسمبلی کی 7 نشستوں پرکامیابی کا نوٹی فکیشن 19 جنوری کو جاری کیا گیا تھا اور یہ فیصلہ کرنے کے لیے ایک ماہ کا وقت دیا گیا تھا کہ وہ کون سی نشست اپنے پاس رکھیں گے۔عمران خان کی جانب سے مقررہ وقت کے اندر ضمنی انتخاب کے اخراجات کی تفصیلات جمع کرانے میں ناکام رہنے پر جیت کا نوٹیفکیشن روک دیا گیا تھا، الیکشن کمیشن کی جانب سے رواں ماہ کے شروع میں تاخیر پر معذرت منظور کرتے ان کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔الیکشن کمیشن کے اہلکار نے بتایا کہ عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں نے نااہل قرار دیا گیا تھا اور این اے 95 کی نشست خالی قرار دی گئی تھی تاہم عدالت کی جانب سے اس حکم نامے کو معطل کر دیا گیا تھا، لہذا تکنیکی طور پر عمران خان کے پاس اس وقت قومی اسمبلی کی 8 نشستیں ہیں۔ای سی پی عہدیدار نے کہا کہ عمران خان کے پاس 18 فروری تک فیصلہ کرنے کا وقت ہے کہ وہ کون سی سیٹ رکھنا چاہتے ہیں، اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو این اے 45 سے جیتنے والی آخری نشست کے علاوہ تمام 7 نشستیں خالی قرار پائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی تحلیل شدہ صوبائی اسمبلیوں کے علاوہ اسمبلیوں کی مدت 12 اگست کو ختم ہو رہی ہے، اس لیے 12 اپریل کے بعد خالی ہونے والی نشستوں کو پر کرنے کے لیے ضمنی انتخابات نہیں ہوں گے۔